دو نئے نگران وفاقی وزراء نے حلف اٹھالیا

 
0
323

نگران وفاقی کابینہ میں شامل وزراء کو قلمدان سونپ دیے گئے، نوٹی فکیشن جاری
اسلام آبادجون 27 (ٹی این ایس) دو نئے نگران وفاقی وزراء نے اپنے عہدے کاحلف اٹھالیا، جس کے بعد وفاقی وزراء کی تعداد 8 ہوگئی۔حلف اٹھانے والے وزراء میں میاں مصباح الرحمان اور سابق سیکریٹری دفاع لیفٹننٹ جنرل (ر) خالد نعیم لودھی شامل ہیں۔صدر مملکت ممنون حسین نے نگران وفاقی وزراء سے حلف لیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریبِ حلف برداری میں نگراں وزیراعظم ناصر الملک، نگراں وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس سے قبل نگران وفاقی وزراء کی تعداد 6 تھی، جن میں شمشاد اختر، عبداللہ حسین ہارون، روشن خورشید برونچا، اعظم خان، سید علی ظفر اور محمد یوسف شیخ شامل ہیں۔
عبداللہ حسین ہارون کو وزارت خارجہ اور نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا قلمدان دیا گیا جب کہ وزارت دفاع و دفاعی پیداوار کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہے۔ڈاکٹر شمشاد اختر کو وزارت خزانہ، شماریات اور وزارت منصوبہ بندی کا قلمدان دیا گیا ہے، اس کے ساتھ وزارت تجارت اور وزارت انڈسٹریز و پیدوار کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہے۔اعظم خان کو وزارت داخلہ، وزارت کیڈ اور وزارت نارکوٹکس کنٹرول کا قلمدان دیا گیا ہے اور ان کے پاس وزارت بین الصوبائی رابطہ کا اضافی چارج بھی ہے۔کابینہ میں شامل سید علی ظفر کو وزارت قانون و انصاف، وزارت پارلیمانی امور اور وزارت اطلاعات کا قلمدان دیا گیا ہے۔یوسف شیخ کو وزارت وفاقی تعلیم پروفیشنل ٹریننگ کا چارج دیا گیا ہے جب کہ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اور وزارت مذہبی امور کا اضافی چارج بھی اُن کے پاس ہے۔روشن خورشید بروچہ کو وزارت انسانی حقوق، کشمیر و گلگت بلتستان امور اور وزارت سیفران کا قلمدان دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے یکم جون کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، جو 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات 2018 کے انعقاد کے پابند ہیں۔