فرحان سعید پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کیلئے گانا گائیں گے

 
0
354

گلوکاری کے ساتھ ساتھ فرحان سعید نے اداکاری کے شعبے میں بھی خوب نام کمایا ہے
اسلام آباد جون 28(ٹی این ایس)پاکستانی گلوکار و اداکار فرحان سعید بہت جلد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی انتخابی مہم 2018 کا آفیشل گانا گائیں گے۔اس خبر کا اعلان گلوکار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا۔گزشتہ روز فرحان سعید نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی تھی۔اس ملاقات کی تصاویر انہوں نے اپنی ٹویٹ میں شیئر کرنے کے ساتھ عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے لکھا کہ ’میں عمران خان اور پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر بھروسہ کیا کہ میں پارٹی کی انتخابی مہم کے لیے گانا گا سکوں۔فرحان نے مزید لکھا کہ وہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی کوششوں اور سپورٹ کو بھی سراہتے ہیں۔تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ فرحان سعید پی ٹی آئی کی انتخابی مہم 2018 کا آفیشل گانا گانے جارہے ہیں۔اب تک اس گانے کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔خیال رہے کہ جل بینڈ سے تعلق رکھنے والے فرحان سعید کئی کامیاب گانے گاچکے ہیں۔گلوکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے اداکاری کے شعبے میں بھی خوب نام کمایا۔حال ہی میں ریلیز ہوا ان کا ڈرامہ ’سنو چندا‘ سوشل میڈیا پر خوب مقبول ہوا۔