کراچی آپریشن، گستاخی پر مبنی خاکوں کی اشاعت، اسلامی سفراء کو جمع میں نے کرایا: خطاب
اسلام آباد، جولائی 01 (ٹی این ایس): چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ 34سالوں سے نواز شریف سے وفاداری نبھائی ہے لیکن انہوں نے بے وفائی کی، ہر مشکل ترین مرحلے میں نواز شریف کا ساتھ دیا اور اس کا بوجھ اٹھایا،کراچی آپریشن فوج کے ساتھ مل کر میں نے شروع کروایا آج وہاں امن ہے، انہوں نے کہا کہ جب سوشل میڈیا پر حضور کی شان میں گستاخی کےلئے خاکے بنائے گئے تو ان کو رکوانا وزارت انفارمیشن و ٹیکنالوجی کا کام تھا لیکن وہ ایسا نہیں کر سکی تو میں نے بطور وزیر داخلہ اس پر ایکشن لیا تمام اسلامی ممالک کے سفیروں کو جمع کیا، فیس بک اور گوگل کی انتظامیہ سے رابطے کر کے سوشل میڈیا پر حضور کی شان میں آئندہ کسی بھی قسم کی گستاخی نہ کرنے کی واضح یقین دہانی لی اور اس وقت سے اب تک اللہ کا فضل و کرم ہے کہ کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن ہے،ایک وقت تھا کہ ایک ایک شخص کو 100 سمیں جاری ہو جاتی تھیں اور ان کے ذریعے دہشت گردی کو فروغ دیا جاتا تھا میں نے اس پر سخت ایکشن لیتے ہوئے سموں کی رجسٹریشن یقینی بنائی، جس کے بعد موبائل سموں کے ذریعے دہشت گردی کی کاروائیوں میں نمایاں کمی آئی۔ انہوں نے کہا کہ چونترہ، چکری اور این اے 59کے لوگ اور ووٹرز میرے ساتھ ہیں،میں نے 34سال ان کی خدمت کی اور نہ ان کو کبھی شرمندہ کیا اور نہ ہی وہ کبھی مجھے شرمندہ کریں گے، ہمیشہ سر اٹھا کے سیاست کی ہے اور آئندہ بھی سر اٹھا کر سیاست کروں گا، انہوں نے کہا کہ میرے مخالف ایک ایسا شخص ہے جس کے پاس جعلی ڈگری ہے اور وہ میٹرک بھی پاس نہیں، کبھی وہ (ق) لیگ کا سہارا لے لیتا ہے کبھی مشرف کا اور اب عمران خان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے لئے مسلم لیگ(ن)کا ٹکٹ حاصل کرنا کوئی مسئلہ نہیں تھا میں نے (ن) لیگ کو صرف ایک درخواست دینا تھی لیکن میرا اصول ہے کہ کبھی تھوک کر چاٹتا نہیں اس لئے نون لیگ کا ٹکٹ نہیں لیا،عمران خان میرا دوست ہے اس نے کھلے عام مجھے آفر کی کہ تحریک انصاف میں شامل ہو جاﺅں لیکن میں اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرتا کیونکہ حلقے کے عوام میرے ساتھ ہیں اور 25جولائی کو مخالفین کو شکست دیں گے۔













