بھارتی جیلوں میں 357 پاکستانی قید ہیں، سفارتی ذرائع

 
0
688

اسلام آبادجولائی 2 (ٹی این ایس) بھارت نے جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی فہرست پاکستان کے حوالے کردی ، جس کے مطابق بھارتی جیلوں میں 357 پاکستانی شہری قید ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا، بھارت نے جیل میں قید پاکستانی قیدیوں کی فہرست پاکستان کے حوالے کردی ہے، فہرست پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے حکام کو دی گئی۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جیلوں میں 357 پاکستانی شہری قید ہیں، قیدیوں میں249 پاکستانی عام شہری جبکہ 108 پاکستانی ماہی گیر قید ہیں۔اس سے قبل پاکستان نے بھی بھارتی ہائی کمیشن کو بھارتی قیدیوں کی تفصیلات دی تھی۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جیل میں قید بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کردی ہے، بھارت کے 471 قیدی پاکستانی جیلوں میں قید ہیں، بھارتی قیدیوں میں 418 ماہی گیر اور 53 سول قیدی ہیں۔ڈاکٹر فیصل کے مطابق قیدیوں کی فہرست کے تبادلہ دونوں ملکوں کے درمیان سال میں دو بار ہوتا ہے، دونوں ممالک معاہدے کے تحت سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں۔واضح رہے کہ یکم جنوری کو بھارت نے پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی تھی، آٹھ جنوری کو مزید ایک سو چھیالیس بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا، پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت ایک سو پینتالیس بھارتی ماہی گیروں کواٹھائیس دسمبر کو رہا کیا تھا۔