کراچی02جولائی(ٹی این ایس )گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات قومی معیشت کے استحکام ، ترقی ، خوشحالی ، معاشی پالیسی کے تسلسل اور عالمی سطح پر پاکستان کے متحرک کردار کی سمت کا تعین کرینگے اس ضمن میں صنعت کار اور تاجر برادری عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے انھیں بہتر معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور خوشحالی کے لئے اچھے ، ایماندار ، وژنری ، باصلاحیت اور محنتی نمائندوں کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں معروف صنعت کار میاں زاہد کی قیادت میں آنے والے صنعت کاروں کے40 رکنی وفد سے ملاقا ت میں کیا ۔ ملاقات میں عام انتخابات اور صنعت کاروں و تاجروں کی ذمہ داریاں ، معاشی پالیسی کے مثبت اثرات اور اس کے تسلسل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، صوبہ میں صنعتی فعالیت ، تجارتی حجم بڑھانے ، مختلف شعبوں کے فروغ ، بے روزگاری اور غربت کے خاتمہ کے لئے نئی صنعتوں کے قیام اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفد میں نگراں وزیر پنجاب میاں انجم نثار ،نگراں وزیر خیبر پختونخواہ حاجی فضل الٰہی ، نگراں وزیر بلو چستان نوید جان ،پاکستان بزنس مین اینڈ انٹیلیکچول فورم کے صدر میاں زاہد حسین ، شیخ سلطا ن رحمن ، شبیر حسن ، محمد قمر ، محمد شاہد ، خواجہ شاہزیب اکرم ، خرم اعجاز ، محمد ندیم شریف ، غلام مصطفی سولنگی اور دیگر شامل تھے ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ 2013 ء میں پاکستان کی معیشت کو امن و امان اور توانائی بحران جیسے سنگین خطرات کا سامناتھا ،امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آنے سے ہچکچاتے تھے ،لیکن منتخب قیادت نے اپنے وژن ، انتھک محنت اور قومی جذبہ کے تحت درپیش چیلنجز کا سامنا کیا ، امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ انرجی بحران کا خاتمہ کیا اور قومی معیشت کے استحکام کے لئے سخت فیصلے اٹھائے یہی وجہ ہے کہ آج کا پاکستان پر امن اور توانائی بحران کے خاتمہ کے بعد خوشحالی کی سمت گامزن ہے ، گذشتہ حکومت کی معاشی پالیسی کے باعث نئی صنعتوں کے قیام اور سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی ایک بار پھر ماضی کی طرح روشنیوں کا شہر بن گیا ہے ہر طرف معاشی ، اقتصادی ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیاں پروان چڑھتی نظر آرہی ہے ، شہر میں رات گئے تک معاشی ، اقتصاد ی اور تجارتی سرگرمیوں کے جاری رہنے سے صنعت کاروں اور تاجروں کو نئی جہت حاصل ہورہی ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی و تعمیر میں صنعت کاروں اور تاجروں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے کیونکہ صنعت کار کسی بھی ریاست کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں ، سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ صنعتی فعالیت سے قومی معیشت کے استحکام میں مدد ملتی ہے ، حکومت صنعت کاروں کے مسائل اور درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں منتخب قیادت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگی کہ وہ قومی معیشت کے استحکام ، صنعتی فعالیت ، تجارتی حجم بڑھانے اور درآمدات کے بھاری حجم کو کم کرنے کے لئے اقدامات کرے ، اس ضمن میں صنعت کاروں کی باہمی مشاور ت کے ذریعہ اہم قومی اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔ ملاقات میں میاں زاہد حسین نے کہا کہ عام انتخابات عام آدمی کی طرح صنعت کاروں اور تاجروں کے لئے بہت اہمیت اختیار کرچکے ہیں ، صنعتی اور قومی معاشی پالیسی کے تسلسل سے متوقع نتائج کا حصول یقینی ہے ، گذشتہ حکومت کے اقدامات کے باعث ہی آج پاکستان معاشی خوشحالی کی سمت گامزن ہوا ۔