گورنرسندھ سے اومان کے قونصل خانہ کے قائم مقام سربراہ عبد اللہ حمید صالم الشمسی کی الوداعی ملاقات

 
0
454

ملاقات میں پاک اومان دوطرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری ، تجارت ، سی پیک اور دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا
کراچی02جولائی(ٹی این ایس )گورنرسندھ محمد زبیر سے سلطنت اومان کے ڈپٹی قونصل جنرل / قائم مقام ہیڈ آف مشن عبد اللہ حمید صالم الشمسی نے الوداعی ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک اومان دوطرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری ، تجارت، سی پیک اور دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ پاک اومان دوطرفہ تعلقات کے استحکام ، سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ میں عبد اللہ حمید صالم الشمسی نے اہم کردار ادا کیا ہے جسے پاکستانی قوم قدر کی نگا ہ سے دیکھتی ہے ، انہوں نے پاکستان کی معاشی خوشحالی کے لئے اومان کے سرمایہ کاروں کو اس جانب راغب کرنے میں بھرپور کا وشیں کی ہیں جو قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک اومان دوطرفہ برادرانہ تعلقات احترام کی بنیاد پر قائم ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2013 ء کے مقابلہ میں آج کا کراچی پر امن ، سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول اور بھرپور استعداد کا حامل شہر ہے شہر کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے ، اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار، باصلاحیت اور محنتی ہیومن ریسورس سرمایہ کاری میں انتہائی پر کشش اہمیت کی حامل ہے، اومان کے سرمایہ کار شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے شہر کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں اس ضمن میں حکومت اومان کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کرے گی ۔ ملاقات میں اومان کے ڈپٹی قونصل جنرل نے گورنرسندھ کو اپنی تعیناتی کے دوران دو طرفہ تعلقات کے مزید استحکام اور مضبوطی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور اہمیت کے حامل دیگر امور سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اومان پاکستان کا قریبی دوست ہے دونوں ممالک مذہب سے جڑے ہوئے ہیں ، پاکستان کی کسی بھی مشکل کو اومان کے مکین اپنی مشکل سمجھتے ہیں اور اس کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور جذبہ کا اظہار بھی کرتے ہیں ، پاک اومان دو طرفہ تعلقات حکومتی سطح پر ہی نہیں بلکہ عوامی سطح پر بہت مضبوط ہیں ، میری ہمیشہ یہی خواہش رہی ہے کہ پاک اومان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ انھیں پاکستان میں بہت زیادہ محبت ملی اور وہ یہاں سے خوشگوار یادیں لے کر وطن واپس جار ہے ہیں ۔