تحریک انصاف کا پارٹی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنیوالے اپنے اراکین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

 
0
335

نعیم الحق اور ارشد داد پر مشتمل کمیٹی تشکیل ،پارٹی ٹکٹ کیخلاف لڑنے والے اراکین کی رپورٹ عمران خان کو پیش کریگی
لاہور 03جولائی(ٹی این ایس) تحریک انصاف نے پارٹی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے اپنے اراکین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ۔بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے اپنے تمام اراکین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے اور دو رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی نعیم الحق اور ارشد داد پر مشتمل ہے، کمیٹی پارٹی ٹکٹ کے خلاف لڑنے والے اراکین کی رپورٹ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پیش کرے گی۔ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ تمام ارکین کی جانب سے حلف نامہ جمع کرایا گیا تھا کہ ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں اراکین انتخابات نہیں لڑیں گے لیکن جن افراد کو کسی وجہ سے ٹکٹ نہیں ملے انہوں نے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے کر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی اور یہ حلف نامے اور آرٹیکل 62، 63کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ایسے افراد کے نام دو رکنی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے اور کمیٹی ایسے امیدواران کے خلاف ضابطے کی کاروائی کرے گی ، اس کاروائی کا آغاز فوری کر دیا جائے گا۔