کراچی03جولائی(ٹی این ایس)مون سون کی شجرکاری مہم کے سلسلے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بیک وقت شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا جسے عوام کی جانب سے بھرپور پزیرائی حاصل ہوئی اور لاتعداد اشخاص نے اپنی پسند کے مقامات پر پودے لگائے۔یہ مہم گرین کراچی ایکشن فورم کے تحت چلائی گئی ۔ شجرکاری کی اس مہم میں ایکٹ کراچی یوتھ ایسوسی ایشن ،ملیین ٹری پروجیکٹ کراچی ،نیشنل فورم فارانوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ ، ثوبیہ منصور ، فضہ شکیل، ارسلان مغل، کمیل زیدی، ندیم اشرف، شہاب الدین اور انکے رضاکارامبرین جواد ، یونس صدیقی ،غالب جلیس و دیگر شامل ہیں۔اس مہم کا باقاعدہ افتتاح بیک وقت پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 ،گلستان جوہر کی دو لوکیشنز شاہ فیصل کالونی نمبر 2 ،گلشن اقبال ابوالحسن اصفہانی روڈ ،فیڈرل بی ایریا ،لیاری ،نارتھ کراچی اور اورنگی ٹاون سے کیا گیا۔شہر کے 13مقامات پر ایک ہزار سے زائد پودے لگائے گئے جن کی دیکھ بھال اس مہم کے رضاکار، اہل علاقہ اور ذمہ دار ادارے کریں گے۔ ماہرین اور رضاکاروں کی بڑی تعداد ان مقامات پر موجود تھی ۔اس موقع پر آنے والے شرکاء میں مفت پودے تقسیم کئے جوالہ دین پارک کے سربراہ عبداللہ رفیع نے فراہم کیے تھے۔