الخدمت کا زیرکفالت یتیم بچوں کی ماؤں کو بلا سودقرض دینے کا اعلان

 
0
381

الخدمت یتیم بچوں کی کفالت کے ساتھ ان کے اہل خانہ کو بھی اپنے پیروں پرکھڑادیکھنا چاہتی ہے،طارق محفوظ و دیگر کا خطا ب
کراچی 06جولائی(ٹی این ایس)الخدمت اپنے مواخات پروگرام کے تحت آرفن کیئر پروگرام میں زیرکفالت بچوں کی ماؤں کو بلا سودی قرضے دے رہی ہے۔ابتدائی طور پر 25ماؤں کو قرض دیا جائے گا۔گزشتہ روز لانڈھی میں مواخات پروگرام کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت زیر کفالت بچوں کی ماؤں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔تقریب میں منیجر کمیونٹی سروسز طارق محفوظ ،منیجرآرفن کیئر پروگرام مصعب بن خالد اور الخدمت کے کوارڈنیٹرضلع بن قاسم عارف حسین نے شرکت کی ۔تقریب میں اظہارخیال کرتے ہوئے طارق محفوظ نے کہا کہ الخدمت دیگر شعبہ جات کی طرح مواخات پروگرام پر بھی کام کر رہی ہے جس میں بے روزگاروں کو چھوٹے اور بلاسودی قرضے جاری کیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں اوراپنے خاندان کی کفالت کرسکیں ۔ یہ قرضے آسان اقساط کی صورت میں واپس لیے جاتے ہیں ۔الخدمت یتیم بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کو بھی اپنے پیروں پر کھڑا دیکھنا چاہتی ہے ۔مصعب بن خالد نے کہا کہ الخدمت جہاں یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ،وہیں اس نے ان کی ماؤں کو چھوٹے پیمانے پرکوئی بھی کاروبار شروع کرنے کیلئے بلاسود قرضے دیئے جاتے ہیں ۔مواخات پروگرام کے ذریعے ماؤں کو قرض دیا جائے گا تاکہ وہ گھر میں رہ کو ئی کام کر سکیں اور اپنے بچوں کی مکمل کفالت کر سکیں۔عارف حسین نے کہا کہ الخدمت نبی پاک ؐ کی سنت پر عمل کر رہی ہے ،اہل خیرکو چاہیے کو وہ اس کام میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔