طبقاتی نظام کی وجہ سے غریبوں کے بچوں کا ٹیلنٹ ضائع ہوجاتا ہے: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

 
0
352

کراچی 06جولائی(ٹی این ایس) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں رائج طبقاتی نظام کی وجہ سے غریبوں کے بچوں میں موجود ٹیلنٹ ضائع ہوجاتا ہے جو پاکستان کا بہت بڑا نقصان ہے۔وہ اومیپ ریسرچرز اسکول آرگنائزیشن کے تحت اللہ والی، نارتھ کراچی میں منعقدہ ایک تعلیمی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔اس موقع پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور سابق رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم نے نصابی اور غیرنصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کے حامل ماکس اکیڈمک پارک اسکول، اللہ والی نارتھ کراچی کے طلباء و طالبات میں عافیہ موومنٹ کی جانب سے تعریفی سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ تعلیم کا زوال قوموں کے زوال کا باعث بن جاتا ہے۔آج یورپی اقوام کو تعلیم کی وجہ سے ہی برتری حاصل ہے۔ عافیہ نے نیورو سائنس میں پی ایچ ڈی کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے اوروہ قرآن پاک کی حافظہ اورعالمہ بھی ہے۔وہ ایک ماہر تعلیم اور بچوں کی ذہنی برداشت کی صلاحیت کی ایکسپرٹ ہے۔ 15 سال قبل ڈاکٹر عافیہ کو اس کے تین بچوں سمیت اغواء کرکے امریکیوں کے حوالے کرناقوم کیلئے ایک بڑا تعلیمی نقصان تھا۔ اومیپ ریسرچرز اسکول آرگنائزیشن سرپرست ڈاکٹر محمد ایوب عباسی ، چیئرمین پروفیسر تنویر احمد ملک، سابق رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم، مجیب الرحمان شامی جونیئر، شفیق احمد عباسی ، میمونہ قریشی ، اسماء قریشی ودیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستانی قونصلرجنرل عائشہ فاروقی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعدڈاکٹر عافیہ کے امریکی جیل میں تحفظ کے لئے فوری اور ان کو وطن واپس لانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہاربھی کیا کہ اس طرز کی تقریبات منعقد کرکے طلباء و طالبات کے ذریعے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے آگہی مہم گھرگھرتک پہنچائی جائے گی۔