ووٹروں، سپورٹروں کے حوصلے پست کرنے کیلئے انتخابات سے قبل سزا سنائی گئی ،فیصلے میں لکھا ہے نواز شریف پر کرپشن ثابت نہیں ہوئی
لاہورجولائی 09(ٹی این ایس)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما مصدق ملک نے کہا ہے کہ عدلیہ کو کس بات کی جلدی تھی کہ تین ریفرنسز میں سے ایک پرفیصلہ کرکے سزا دیدی گئی ،یہ گمان کیا گیا کہ نوازشریف اور مریم نواز کو اتنی بڑی سزا دو کہ وہ ملک واپس ہی نہ آئیں لیکن وہ واپس آرہے ہیں، نواز شریف جمہوریت کی فتح اور آئین کی بالا دستی کیلئے دس سال تو کیا سو سال کیلئے جیل جانے کو تیار ہیں ۔
اپنے ویڈیو بیان میں مصدق ملک نے کہا کہ پاکستانی قوم نوازشریف کاتاریخی اور فقید المثال استقبال کرے گی ۔ایسا کوئی اقدام نہیں ہوگا جس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہو ۔مسلم لیگ (ن) تو امن ،قانون اور آئین کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب عدالت سے درخواست مسترد ہونے کے بعد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی کہ تینوں استغاثے اکٹھے کر لیں لیکن اسے مسترد کر دیا گیا ۔
عدلیہ کو کس بات کی جلدی تھی کہ تینوں میں سے ایک فیصلہ کوسنا کرسزا دی گئی۔ صرف یہ تھا کہ انتخابات آرہے ہیں سزا سنا دو تاکہ ووٹروں اور سپورٹروں کے حوصلے پست ہو ں ۔سزائیں سنانے کے بعد یہ گمان کیا گیا کہ نوازشریف ملک میں واپس نہیں آئیں گے لیکن انکے حوصلے بلند ہیں اور وہ آ رہے ہیں۔
جمہوریت کی فتح اور آئین کی بالادستی کیلئے دس سال توکیا سو سال بھی جیل کاٹنا پڑی تو کاٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ مریم نوازخواتین کے دل کی دھڑکن ہیں جواپنے والد کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر مشکل میں کھڑی ہیں ۔ مصدق ملک نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے 171صفحے میں لکھاہے کہ نوازشریف پر کوئی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔کرپشن ثابت نہ ہونے پر تو نہیں جمہوریت کیلئے باپ کے ساتھ کندھا ملانے پر مریم نوازکوسات سال کی سزا دی گئی۔