ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ آئندہ 48 گھنٹوں میں شروع ہونے کا امکان

 
0
737

اسلام آباد جولائی 10(ٹی این ایس)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ آئندہ 48 گھنٹے کے دوران پورے ملک میں شروع ہوجائے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب، خلیج بنگال کی مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہوگئیں ہیں،پاکستان میں بارشوں کا آغاز کشمیر ،بالائی پنجاب اورخیبر پختونخوا سے ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغرب سے ہوائیں 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر قائد کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کاامکان جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصد ہے۔