ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے 55 ہزار افراد نے فائدہ اٹھایا

 
0
358

اسلام آبادجولائی 12(ٹی این ایس) وزرات خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سابقہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے اب تک 55 ہزار 2 سو 25 لوگ فائدہ اٹھا چکے ہیں۔اور غیر ملکی اثاثہ جات کی صورت میں تقریباً 5 سو 77 ارب روپے جبکہ اندرونِ ملک ظاہر کیے گئے اثاثوں کی مالیت تقریباً ایک کھرب ایک سو 92 ارب روپے ہے۔اس کے علاوہ ظاہر کیے گئے اثاثوں پر اب تک تقریباً 97 ارب روپے ٹیکس بھی ادا کیا جاچکا ہے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

واضح رہے کہ اس رقم میں سے 36 ارب غیر ملکی اثاثوں کی مد میں جبکہ 61 ارب روپے اندرونِ ملک موجود اثاثوں کو ظاہر کر کے جمع کروائے گئے، جبکہ 4 کروڑڈالر وطن واپس لائے گئے ہیں، اس قبل کسی ٹیکس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی میعاد میں توسیع کر کے آخری تاریخ 31 جولائی مقرر کردی گئی تھی۔

سرکاری سطح پر جاری بیان کے مطابق غیر ملکی اثاثوں کی مد میں ایمنسٹی اسکیم کا اطلاق منقولہ اور غیر منقولہ دونوں طرح کی جائیدادوں پر ہوتا ہے، جس میں بینک اکاؤنٹس، حصص اور رہن رکھی ہوئی جائیداد بھی شامل ہیں، جبکہ ٹیکس کی شرح جائیداد کی اقسام کے لحاظ سے 2 فیصد سے 5 فیصد تک ہے۔خیال رہے کہ 2 فیصد ٹیکس کی شرح خاص طور پر ان منقولہ اثاثوں پر لاگو ہوتی ہے جو وطن واپس منتقل کیے جائیں۔

دوسری جانب اندرون ملک موجود ہر طرح کی جائیداد اور آمدنی پر ٹیکس کی شرح بھی 2 فیصد سے 5 فیصد تک ہے۔غیر ملکی اثاثوں پر ٹیکس کی ادائیگی کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے علیحدہ طریقہ کار متعارف کروایا گیا ہے جس میں مذکورہ رقم مخلتف ذرائع سے امریکی ڈالرکی شکل میں اسٹیٹ بینک میں جمع کروائی جاسکتی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان، تنظیم برائے معاشی تعاون و ترقی (او ای سی ڈی) کے کثیر الجہتی کنوینشن پر دستخط کرچکا ہے جس کی رو سے پاکستان میں مقیم افراد کے آف شوراکاؤنٹس کی معلومات تک رسائی رواں برس ستمبر سے حاصل ہوجائے گی۔

اس کنوینشن پر دستخط کرنے سے وفاقی ریوینیو بورڈ کا دائرہ کار پاکستان میں رہنے والے شہریوں کے ان آف شور اکاؤنٹس تک وسیع ہوجائے گا جو کنوینشن میں شامل ممالک میں موجود ہوں گے۔اس سلسلے میں 1992 میں متعارف کروائے گئے تحفظ برائے اقتصادی اصلاحات کے قانون میں ضروری ترامیم بھی کی گئیں ہیں تا کہ زرمبادلہ کی نقل و حمل کو ٹیکس آرڈیننس 2001 کے تحت منظم کیا جاسکے۔اس کے علاوہ انکم ٹیکس آرڈیننس میں بھی ترمیم کی گئی ہے جس کے بعد ایف بی آرایک کروڑ سے زائد مالیت کے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذرائع کے بارے میں پوچھ گچھ کرسکتا ہے، جبکہ غیر ملکی اثاثوں اور آمدنی کی تفتیش پر لگائی گئی 5 سال کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔