العباس انٹرنیشنل ایجوکیشنل کے مالک کے خلاف احتساب عدالت راولپنڈی میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر

 
0
329

اسلام آباد جولائی 18 (ٹی این ایس )نیب راولپنڈی نے نذر عباس،العباس انٹرنیشنل ایجوکیشنل کے خلاف بڑے پیمانے پر عوام کے ساتھ مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے الزام میں احتساب عدالت راولپنڈی میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نے نیب راولپنڈی کو پاکستان کی ایجوکیشنل کنسلٹنسی فرم العباس انٹرنیشنل ایجوکیشنل کے خلاف مقدمہ بھجوایا، نیب میں درج کروائی گئی شکایت کے مطابق نذر عباس العباس انٹرنیشنل ایجوکیشن کنسلٹنس کا مالک اور ڈائریکٹر ہے

مذکورہ ملزم نے طالب علموں سے دھوکہ دہی سے سٹڈی ویزہ پر آسٹریلیا بھجوانے کا جھانسا دے کر لاکھوں روپے اکھٹے کئے ،مذکورہ ملزم کے پاس اس حوالے سے رقم اکھٹی کرنے کا کوئی اختیار نہیں تھا ملزم نے ناصرف ان طالب علموں کے والدین کی محنت سے کمائی گئی رقم لوٹی بلکہ ان کے مستقبل کو بھی تاریک کیا ملزم نذر عباس نے طالب علموں اور انکے والدین سے معاہدے کئے اور انہیں اپنے دستخطوں سے گارنٹی چیک دیئے ملزم نے نہ ہی انکے لئے سٹڈی ویزے کا انتظام کیا اور نہ ہی انہیں وصول کی گئی رقم واپس کی،

ملزم نے طالب علموں سے دھوکہ دہی سے ایک کروڑ بیالس لاکھ تیس ہزار روپے وصول کئے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہا ہے کہ طالب علم پاکستان کا مستقبل ہیں وہ اپنے قیمتی وقت اور وسائل کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے ایسے عناصر سے چوکس رہیں،انہوں نے کہا کہ طالب علم ایسے جعلی سٹوڈنٹ دیزہ ایجنٹ سے بچیں جو کہ انسانی سمگلنگ جیسے گھناونے کاروبار میں ملوث ہیں جس سے عالمی سطح پر ملک کے تشخص کو نقصان پہنچتا ہے۔