سندھ پولیس شجرکاری مہم کے تحت صوبے بھر میں سوا لاکھ کے قریب پودے لگائیگی۔آئی جی سندھ

 
0
18584

کراچی، جولائی 19(ٹی این ایس):  آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے سینٹرل پولیس آفس میں ناریل کا پودا لگایا۔

اس حوالے سے ایک سادہ سی تقریب میں ایڈیشنل آئی جی فائنانس/ویلفیئرسندھ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزسندھ،اے آئی جی ایڈمن،اےآئی جی لاجسٹکس،اے آئی جی فائنانس،پی ایس او ٹو آئی جی پی سندھ ودیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

آئی جی پولیس سندھ نے میڈیا ٹاک کے دوران کہا کہ صوبے کی سطح پر ماحول دوست پودے لگائے جائینگے اور ہر آفیسر/سپاہی کم از کم ایک پودا لگائیگا جس سے کم وبیش سوا لاکھ پودوں کی شجرکاری ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ اس مہم سے ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اس مہم کے آغاز کا مقصد گرین پولیس کے تصور کو اجاگر کرنا اور لوگوں کو شجرکاری کی اہمیت اور افادیت کی جانب راغب کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس لائنز، پولیس ٹریننگ سینٹر کالجز، پولیس ہیڈکوارٹرز،اور دیگر یونٹس کو باقاعدہ شجرکاری کے تحت سرسبزوشاداب بنایا جائیگا۔جس سے بلاشبہ مستقبل میں ان تمام مقامات پر موسمی لحاظ سے ناصرف مثبت اثرات دیکھنے کو ملینگے بلکہ صحت مند اور تندرست ماحول جیسے اقدامات کو بھی فروغ ملیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں آباد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد فلاحی اداروں اور دیگر معروف شخصیات کو بھی چاہیئے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں آبادیوں میں شجرکاری کے لیئے اپنے انفرادی واجتماعی کردار کی ادائیگی کو یقینی بنائیں کیونکہ درخت دھرتی کا حسن اور موسمی برسات کا باعث بنتے ہیں اور بارشوں سے آبی ذخائر میں اضافہ ہوتا ہے اور ملک میں پانی کے ذخائر پر اگر نگاہ ڈالی جائے تو اس وقت بارشوں کی شدید ضرورت ہے۔