ماحولیاتی انحطاط اورموسمی تغیرات باعث تشویش ہیں ،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

 
0
372

اسلام آباد جولائی 20 (ٹی این ایس)ء چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی انحطاط اورموسمی تغیرات باعث تشویش ہیں ۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کیلئے ہم سب کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ۔ماحولیاتی آلودگی کے اس چینلج کا سامنا کرنے کیلئے نہ صرف حکومتی بلکہ عوامی سطح پر بھر پور آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ماحول کا تحفظ نہ صرف ہماری قومی ذمہ داری ہے بلکہ آنے والی نسلوں کو صاف ستھری فضاء میں سانس لینے کے مواقع فراہم کرنا ہماری انسانی ذمہ داری بھی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزازار میں میگنولیا کا پودا لگانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اراکین سینیٹ اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب درختوں کی بے دریغ کٹائی ہے اس صورتحال کے ازالے کیلئے نہ صرف حکومتی ادروں کی جانب سے قومی شجرکاری مہم میں بھر پور شرکت یقینی بنانے کی ضرورت ہے بلکہ عوام کو بھی اس قومی فریضہ میں بھر پور حصہ لینا چاہیے ۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے موسمی تغیرات سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں قومی شجرکاری کے دوران لگائے گئے پودوں کی نگہداشت یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کروائیں ۔

صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن 2018 کے عام انتخابات کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے رہا ہے ۔الیکشن کمیشن پارلیمان کے تفویض کردہ اختیارات کے تحت ہی انتخابی عمل کو آگے بڑھا رہا ہے ۔ سینیٹ کے حالیہ اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس امن وامان اور سیکورٹی کی صورتحالی کا جائزہ لینے کیلئے طلب کیا گیا ہے تاہم سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ اس پورے انتخابی عمل کی نگرانی کر رہی ہے ۔