سعودی پیانو نواز خاتون نے دلفریب دھنوں سے دل جیت لئے

 
0
545

میں نے پانچ برس کی عمر سے اپنی والدہ کے ہاتھوں پیانو بجانے کی تربیت حاصل کرنے کا سلسلہ شروع کیا‘ایمان
ریاض 25جولائی(ٹی این ایس) ریاض کے کنگ فہد کلچرل سینٹر میں منعقد ایک شو میں پیانو کے تار چھیڑ کر سعودی خاتون ایمان قستی نے حاضرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔ اس ایونٹ کا افتتاح ایمان نے اپنے فن کے مظاہرے کے ساتھ کیا جب کہ ایونٹ کا اختتام سنگاپور سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ وائلن نواز چلو چوا کی شرکت کے ساتھ ہوا۔

ایمان قستی نے بتایا کہ انہوں نے شو میں موسیقی کی پانچ مختلف دْھنیں پیش کیں اور سیکڑوں کی تعداد میں موجود حاضرین سے بھرپور داد حاصل کی۔ ایمان کا مزید کہنا ہے کہ سعودی کلچرل اتھارٹی نے میرے اندر اعتماد پیدا کرنے اور میرے شوق کو جلا بخشنے میں ایک بڑا کردار ادا کیا۔ میں نے پانچ برس کی عمر سے اپنی والدہ کے ہاتھوں پیانو بجانے کی تربیت حاصل کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔

ایمان کے مطابق وہ ابھی انگریزی ادب کے شعبے میں زیر تعلیم ہیں اور خود کو فن کی دنیا میں پیانو بجانے والی ماہر کے طور پر ثابت کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ اس سلسلے میں وہ عالمی سطح پر اپنے فن کا مظاہرہ کرنا چاہتی ہیں۔ریاض میں ہونے والے مذکورہ شو کی جان دنیا کی کم عمر ترین وائلن نواز چولے چوا تھی جس کی عمر 11 برس سے زیادہ نہیں ہے۔ شْوا نے بہترین فن کا مظاہرہ کیا جس نے حاضرین کو کھڑے ہو کر داد دینے پر مجبور کر دیا۔شْوا کچھ عرصہ قبل جنیوا میں منعقد ہونے والے مینوہن عالمی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر چکی ہے۔

یہ مقابلہ 22 برس سے کم عمر افراد کے لیے ہوتا ہے جس میں دنیا بھر سے وائلن نواز شرکت کرتے ہیں۔سنگاپور کی اس بچّی نے مینوہن مقابلے کے تکنیکی سربراہ گورڈن بیک کے ساتھ مل کر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ گورڈن نے اس دوران پیانو پر دھن بجائی۔ اس موقع پر دونوں افراد نے اپنے کمالِ فن سے حاضرین کو گرما دیا۔