سرکلر ڈیبٹ بڑا معاشی خطرہ، فوری قابو پایا جائے‘لاہور چیمبر آف کامرس 

 
0
401

لاہور 26جولائی(ٹی این ایس)لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل نے سرکلر ڈیبٹ کو ایک بڑا معاشی خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان کا سرکلر ڈیبٹ پاورسیکٹر کے لیے بہت بڑا خطرہ بن چکا ہے جس سے صارفین بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاری سرکلر ڈیبٹ کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہوگی جس سے صنعت، تجارت، زراعت اور عوام سب ہی بْری طرح متاثر ہونگے جبکہ حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا آسان حل مزید مسائل پیدا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام نے سرکلر ڈیبٹ پر قابو پانے کا آسان طریقہ یہ ڈھونڈ رکھا ہے کہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو بھاری سسٹم لاسز کا بوجھ صارفین پر ڈالنے کی اجازت دے دی جاتی ہے جس سے صنعتی شعبے کو سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اب اگر یہ طریقہ کار اپنایا گیا تو قابل قبول نہیں ہوگا۔

انہوں نے نیپرا پر زور دیا کہ وہ قرضے معاف کرکے ڈیفالٹرز کی حوصلہ افزائی اور اس کا بوجھ صارفین پر ڈالنے سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ، قرضے معاف کردینا اور یہ سارا بوجھ صارفین پر ڈالنا مسئلے کا حل نہیں ہے، اس کے بجائے نیپرا کو سسٹم کی غیر فعالیت دور کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی صنعتوں کا اہم خام مال ہے، برآمدات کے حالات پہلے ہی تسلی بخش نہیں اور اگر سرکلر ڈیبٹ پر قابو پانے کے لیے قابل عمل اقدامات نہ اٹھائے گئے حالات مزید خراب ہونگے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ سرکلر ڈیبٹ پر قابو پانے کے لیے کاروباری برادری کی مشاورت سے اقدامات اٹھائے تاکہ ایماندار صارفین متاثر نہ ہوں اور ڈیفالٹرز و بجلی چوروں کو شکنجے میں لایا جاسکے۔