شفاف الیکشن سے ملک میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہارنے والے کھوٹے سکےہیں،عوامی سروے میں شہریوں کا اظہارخیال 

 
0
484

 

کراچی26جولائی(ٹی این ایس) انتخابات پر امن ماحول میں شفاف طریقے سے ہوئے، ملک میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، عوامی سروے میں شہریوں نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔

گارڈن علاقے کے رہائشی بشیر احمدنے کہا کہ ہارنے والے کھوٹے سکے ہیں ملک میں تبدیلی کیلیے عمران خان کی قیادت ضروری ہے، دوسرے شہری شفیق خان کا کہنا تھاکہ عمران خان اگر وزیر اعظم بن گئے تو ایک سال بھی حکومت نہیں چلاسکیں گے ان میں برداشت کی قوت نہیں ہے ، انکی حکومت میں جو دودھ کی نہریں بہیں گی لوگ دیکھیں گے، ملک میں قیادت کا شدید فقدان ہے، پی پی کو چیئرمین آصف علی زرداری جوڑ توڑ کے ماسٹر مائنڈ ہیں، سب کو ساتھ لیکر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ میاں محمد نواز شریف صرف اپنی بات منوانا چاہتے تھے اس لیے جیل جانا پڑا ،کینٹ سے راجہ عبدالحمید خان اور راجہ علی نے بتایا کہ بڑے بڑے نام والے سیاستدانوں کو بری شکست ہوئی ہے، ہارنے والوں نے اپنے اپنے علاقوں کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا تھا ، اسی کو تبدیلی کہتے ہیں آگے بھی بہت کچھ ہوگا تمام کرپٹ لوگ جیل جائیں گے ،گل بائی سے ملک سلطان نے بتایا کہ ہم نے میاں محمد نواز شریف ، آصف علی زرداری سمیت سب کو عوام پر حکمرانی کرنے کا موقع فراہم کیا اب ایک موقع عمران خان کو بھی دیا ہے، رابطہ کرنے پر ملک ریاض اعوان نے بتایا کہ یہ الیکشن نہیں سلیکشن ہوا ہے، تمام بڑی جماعتوں نے انتخابی نتائج کو مسترد کردیا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو کتنا ریلیف دے گی، گارڈن کے اسحاق خان نے عمران خان کی جیت پر منوں مٹھائی تقسیم کی۔