گذشتہ ڈیڑھ برس کے دوران آپ سب لوگوں کے تعاون سے صوبہ اور عوام کی بھرپور خدمت کرنے کا موقع ملا،محمد زبیر
مجھے بے حد خوشی ہے کہ گورنرہاؤس سندھ کے افسران اور عملہ محنتی ، تجربہ کار اور وژنری صلاحیتوں سے مالا مال ہے، گفتگو میں اظہار
کراچی جولائی 30(ٹی این ایس) مستعفی گورنر سندھ محمد زبیر نے پیر کے روز گورنرہاؤس کے افسران اور عملہ سے الوداعی ملاقات کی ۔ محمد زبیر نے افسران اور عملہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ڈیڑھ برس کے دوران آپ سب لوگوں کے تعاون سے صوبہ اور اس کے عوام کی بھرپور خدمت کرنے کا موقع ملا ، اور ٹیم ورک کے ذریعہ سے عوام کے دیرپا مسائل کے حل میں مدد ملی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر کا منصب صوبہ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے وفاق اور صوبہ کے درمیان روابط ، وفاق کے منصوبوں کی دیکھ بھال اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی میں اس منصب کا اہم ترین کردار ہے، مسلسل اور انتھک محنت اس منصب کا تقاضہ ہے اور گورنرہاؤس کے افسران اور عملہ اس کے اہم ترین جزو ہیں ، مجھے بے حد خوشی ہے کہ گورنرہاؤس سندھ کے افسران اور عملہ محنتی ، تجربہ کار اور وژنری صلاحیتوں سے مالا مال ہے جن کی انتھک محنت سے ہی اس منصب کے تقاضے پورے کرنے میں مجھے بھی مدد ملی ۔
ملاقات میں گورنرہاؤس کے افسران کی جانب سے پرنسپل سیکریٹری ذوالفقار علی شاہ نے گورنرسندھ کے اقدامات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آپ نے نہ صرف گورنرسندھ کے منصب کے تقاضے پورے کئے بلکہ انتھک محنت اور وقت کی پابندی کی ایک مثال بھی قائم کی۔انہوں نے مزید کہا کہ افسران کو گورنرسندھ سے بہت زیادہ سیکھنے کو ملا جوان کے کیریئر میں معاون ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ مستعفی گورنرسندھ محمد زبیر نے اتوار کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کیاتھا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو ارسال کردیا ہے ۔