پاکستان اور برازیل کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات خوش آئند ہیں،صدر مملکت ممنون حسین

 
0
335

اسلام آباد جولائی 31(ٹی این ایس):صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور برازیل کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات خوش آئند ہیں، ہم توقع کرتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہو گا۔

صدر مملکت نے یہ بات برازیل کی افواج کے سربراہ ایڈمرل ایڈی میر سوبرینو سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پاکستان میں برازیل کے سفیر کلاڈیو راجہ گاباگلہ لینا کے علاوہ دیگر اعلی سول و فوجی حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے ارکان میں اضافے کے سلسلے میں برازیل کا کردار قابل تعریف ہے کیونکہ برازیل نے اس سلسلے میں منصفانہ موقف اختیار کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے ضمن میں بھی برازیل نے درست موقف اختیار کیا ہےتاکہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں یہ دیرینہ مسئلہ حل کیا جا سکے۔ صدر مملکت نے پاکستان بحریہ کی پیشہ ورانہ مشقوں میں بھی مبصر کی حیثیت سے شرکت کی تعریف کی اور توقع ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل میں تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاع کے علاوہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں بھی تعاون میں اضافے کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے ماہرین کے وفود میں اضافہ کیاجانا چاہیے۔ معزز مہمان نے اس موقع پر صدر مملکت کو برازیل افواج کا یادگاری نشان پیش کیا۔