طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا

 
0
292

اسلام آباد اگست 1(ٹی این ایس): مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ کل (2 اگست کو) سُنایا جائے گا۔سپریم کورٹ کی جانب سے طلال چوہدری کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ یکم فروری کو عدلیہ مخالف تقریر پر آرٹیکل 184 (3) کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔طلال چوہدری نے جڑانوالہ کے جلسے میں مبینہ طور پر ججز کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی، وہ اس سے قبل بھی پاناما کیس کے سلسلے میں شریف خاندان کے مالی اثاثوں کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی اور عدلیہ پر تنقید کرچکے ہیں۔طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ نے 11 جولائی کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جو کل سنایا جائے گا۔