جرمنی اور بھارت کے درمیان 5250 کروڑ روپے تعاون کا معاہدہ

 
0
452

خصوصی تقریب میں بھارت جرمنی ترقیاتی تعاون فریم ورک کے تحت مالی اور تکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے
نئی دہلی اگست 2(ٹی این ایس)بھارت اور جرمنی میں ترقیاتی تعاون کے ساٹھ برس مکمل ہو گئے ۔ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے دونوں ملکوں نے آج 5250 کروڑ روپے کے مالی اور تکنیکی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر مارٹن نئے اور بھارتی وزارت خزانہ میں اقتصادی امور کے جوائنٹ سکریٹری سمیر کما ر نے ایک تقریب میں بھارت جرمنی ترقیاتی تعاون فریم ورک کے تحت مالی اور تکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے ۔ یہ امدادی رقم تقریباً 8500 کروڑ روپے کے اس معاہدہ کا حصہ ہے، جس کا وعدہ جرمنی نے گزشتہ برس دسمبر کے اوائل میں نئی دہلی میں منعقدہ بھارت جرمنی بین الحکومتی مذاکرات کے دوران کیا تھا۔

اس معاہدہ کے تحت جرمنی کی جانب سے بھارت کو دی جانے والی اس امداد کا استعمال عوامی ترقیاتی پروگراموں کو جاری رکھنے کے لئے کیا جائے گا۔ ان پروگراموں کے تحت پائیدار شہری ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور مودی حکومت کے اسمارٹ شہروں کے منصوبے کو فروغ دینے کے لئے بنیادی ڈھانچے، شہری آمدورفت اور ماحولیاتی تحفظ جیسے منصوبوں پر یہ امدادی رقم خرچ کی جائے گی۔گنگا ندی کی صفائی، انرجی سیکٹر کے لئے اضافی وسائل کا حصول، شمسی توانائی کو فروغ دینے اور توانائی کے دیگر وسائل کو بہتر بنانے کے اقدامات میں تعاون بھی اس معاہدے میں شامل ہیں۔ڈاکٹر مارٹن نے جرمنی بھارت ترقیاتی تعاون کے ساٹھ برس مکمل ہونے کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا ۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ ہمیں غربت کا خاتمہ کر کے، ہر ایک کو بہتر ذریعہ معاش فراہم کر کے اور ماحولیات کا تحفظ کر کے ایک بہتر دنیا کی تعمیر کے لئے مل کر کام کرنے کے ہمارے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جرمنی کو بھارت کا ترقیاتی شریک کار ہونے پر فخر ہے۔جرمن سفیر کا مزید کہنا تھاکہ آج جرمنی اور بھارت کے درمیان امداد دینے اور لینے والے کی شناخت ختم ہو گئی ہے اور ہم برابر کے شریک کار ہیں۔ دنیا کو بہتر بنانے کے لئے باہمی ترقیاتی تعاون آج ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ ہم آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنا سکیں۔