عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد امریکہ کا دورہ کریں گے، ذرائع

 
0
360

اسلام آباد 07 اگست(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے امریکہ کا دورہ کریں گے اور جنرل اسمبلی کےاجلاس سے پہلی مرتبہ خطاب کریں گے۔تفصیلات کے مطانق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے بین الاقوامی دورے پر امریکا جائیں گے، وہ ستمبر کے دوسرے ہفتے میں امریکا کا دورہ کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ امریکا میں عمران خان جنرل اسمبلی کے اجلاس سے پہلی مرتبہ خطاب کریں گے اور اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو اجاگرکریں گے۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران عمران خان کی اعلیٰ امریکی انتظامیہ سے ملاقاتیں ہوں گی اور وہ امریکی انتظامیہ کو نئے پاکستان کے نظریے سے آگاہ کریں گے جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت خارجہ پالیسی پر اعتماد میں لیں گے۔ملاقاتوں میں پاک امریکا خراب تعلقات کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال ہوگا جبکہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام ہٹانے پر اور پاکستانی معیثت میں بہتری کے لئے باہمی تعاون کے فروغ پر بھی بات ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اجلاس کی سائیڈ لائنز پر مختلف عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے، عمران خان کی چینی صدر، ایرانی صدر،افغان صدر سے ملاقات متوقع ہے جبکہ سعودی ولی عہد، روسی صدر اور بھارتی وزیراعظم سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ملیحہ لودھی عمران خان کی بطور وزیراعظم پاکستان معاونت کریں گی، ملیحہ لودھی کو دوبارہ اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب تعینات کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ملیحہ لودھی فی الوقت پاکستان میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے آئی ہیں، آئندہ چند روزمیں ملیحہ لودھی سمیت مختلف پاکستانی سفیر مستعفی ہوں گے۔