جشن آزادی پر خریداری کی تخمینہ 15 ارب روپے تک جانے کا امکان

 
0
485

اسلام آباد08 اگست (ٹی این ایس) ملک بھر میں جشن آزادی کی تیاروں زورو شور سے جاری ہیں۔ کئی مقامات پر قومی پرچموں اور سبز ہلالی لباس کی فروخت کیلئے پتھارے، اسٹالز اور ٹھیلے لگ گئے ہیں۔جہاں بچوں، بڑوں اور بزرگوں کی جانب سے خریداری کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں اور تاجروں کے مثالی جوش و جذبہ کے باعث یوم آزادی عید الفطر کے بعد دوسرا بڑا تہوار بن گیا۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے اعلان کیا ہے کہ کراچی کے شہری اور تاجر ملک کے 71ویں یومِ آزادی پر وطن، قوم، افواجِ پاکستان اور رینجرز سے اظہارِ یکجہتی کی نئی تاریخ رقم کرینگے۔رواں سال عوام میں جشن آزادی کا روایتی جوش وخروش اور ولولہ ماضی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم حب الوطنی سے سرشار اور ملک پر نثار ہونے کا بے مثال جذبہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کو سبز ہلالی پرچموں، رنگ برنگے قمقموں اور بینروں سے سجانے کا عمل شروع ہوگیا ہے،کاروں، بسوں، رکشوں، ٹرکوں اور موٹر سائیکلوں پر جھنڈے لہرانے لگے۔ امید ہے کہ رواں سال جشنِ آزادی پر خریداری کا نیا ریکارڈ قائم ہوگا جس کا تخمینہ پندرہ ارب روپے سے زائد ہے۔شہر کی مختلف مارکیٹوں میں سجاوٹ اور پرچم کشائی کے سلسلے میں تقاریب کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد عتیق میر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دنیا کے تمام ممالک کے مقابلے میں اپنے ملک اور فوج سے دیوانہ وار محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ سال کراچی کے شہریوں کی جانب سے ملک کے ستر ویں یومِ آزادی کے موقع پر دس ارب روپے کی ریکارڈ خریداری کی گئی تھی۔