مردان: تخت بھائی کے علاقہ میں لاپتہ  6 سالہ بچی  نزدیکی کھیت سے مردہ پائی گئی

 
0
350

مردان، اگست 09 (ٹی این ایس):  گذشتہ روز حبیب الرحمن ولد محمد منیر سکنہ پتوں کلے سنگہ تخت بھائی نے اپنی چھ سالہ بچی حسینہ کی گمشدگی کی رپورٹ تھانہ تخت بھائی میں بوقت 21:30بجے کو درج کی تھی جس پر ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) واحد محمود نے نوٹس لیتے ہوئے تخت بھائی پولیس کو علاقہ میں مذکورہ بچی کی تلاش کیلئے فوراًکاروائی کے احکامات جاری کئے۔ مقامی پولیس نے بچی کی تلاش کیلئے ساری رات سرچ آپریشن جاری رکھا اور  آج صبح بوقت 07:45بجے اسکی لاش  تقریباً100میٹر کی دوری پر کھیتوں سے  برآمد کی۔لاش کو  پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا،جائے وقوعہ کو محفوظ کر کے اہم شواہد اکھٹے کئے گئے جبکہ مزید تفتیش کیلئے قابل پولیس افسران کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے۔

ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) واحد محمودنے مردان میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کرتے ہوئے مذکورہ قتل شدہ بچی کے پوسٹ مارٹم کے بارے میں میڈیکل آفیسر سے ملاقات کی اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن و دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ تھانہ تخت بھائی میں ملزمان نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج ہو کر تفتیش جاری ہے۔