سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کا ملک بھر کے ڈویژنل صدر کے اہم اجلاس سے مرکز اہلسنت پر خطاب

 
0
2138

تنظیمی کام تیز کرنے کیلئے پالیسی مرتب اور عوامی مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھانے کا فیصلہ

کراچی، اگست 09 (ٹی این ایس):  سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ گھونسلے دعوئے نہیں عملی کام سے تبدیلی لانا ہوگی ،عوام کو درپیش مسائل و چیلنجز سے نکالنے کیلئے نئی حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا ،ہمارے حوصلے بلند ہیں تنظیمی کام سے مخالفین کی زبانوں کو لگام دیں گے ،الیکشن میں نتائج حقائق سے ہٹ کر آئے اور من پسندوں کو نوازا گیا ،بانی وقائد سنی تحریک شہید محمد سلیم قادری کے مشن سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹ سکتے ،اہلسنت کا استحصال ہر دور میں ہوا اور اب بھی ہورہا ہے ،ختم نبوت کے تحفظ کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،مشن اعلیٰ حضرت کے داعی اور سلیم قادری کے مشن کو عملی جامہ پہنا کر دم لینگے ،انتہاپسندی پھیلانے والے ملک کو خطرات میں ڈالنا چاہتے ہیں انتہاپسندی پھیلانے والوں کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتے ،پاکستان سے انتہاپسندی اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں ،دوقومی نظریہ کے مخالف پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے یہود نصاریٰ کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں ،پاکستان میں دہشتگردی کرنیوالے نام نہاد مسلمانوں کا جائزہ لیا جائے تو وہ دو قومی نظریہ کے مخالف نکلیں گے،خود ساختہ شریعت بنانے اور اسکولوں ومساجد اور بازاروں میں دہشتگردی کرنیوالے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ،دین اسلام تو مرد وعورت کو تعلیم حاصل کرنے کا درس دیتا ہے ،مگر دہشتگرد گرلز اسکولوں کا نشانہ بناکر خوف اور ملک کو جہالت کے اندھیروں میں دھلیکنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر ملک بھر کے ڈویژنل صدر کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی ،سندھ کے صدر نور احمد قاسمی ،بلوچستان کے صدر محمد علی جتک اور مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ الیکشن میں مایوس کن نتائج پر ہی ملک بھر کا اجلاس بلا کر جائزہ لے رہے ہیں ،سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کرنیوالے کسی کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ،کارکنان اتحاد ویکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے ایسے عناصر پر نگاہ رکھیں جو تنظیم کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ،ہمیں اپنے نظریئے اور مسلک اہلسنت کے تشخص کی بحالی کیلئے کام کرنا ہے ،اتحاد اہلسنت کیلئے کل بھی کام کیا اور آج بھی کام کرینگے ،اہلسنت کے افراد ایوانوں میں پہنچیں اس سے بڑی خوشی ہمارے لئے کیا ہوسکتی ہے ، ،انہوں کا کہنا تھا کہ تمام ڈویژنل ،ضلعی ،وتحصیل ذمہ داران تنظیمی کا م کو تیز کردیں ،مرکز اہلسنت نے تنظیمی کام بڑھانے ،عوامی رابطے تیز کرنے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے جو ٹاسک دیا ہے اس پر تنظیمی پالیسی کے تحت کام کیا جائے ۔