کوئٹہ،سیندک منصوبے کے ملازمین کی بس کے قریب خودکش دھماکا،تین غیر ملکیوں سمیت6 افراد زخمی

 
0
1804

کوئٹہ اگست 11(ٹی این ایس)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے دالبندین میں سیندک منصوبے کے ملازمین کی بس کے قریب خودکش دھماکے میں تین غیر ملکیوں سمیت6 افرادزخمی ہو گئے۔کمشنر کوئٹہ ہاشم غلزئی کے مطابق دھماکے کا نشانہ بننے والی بس سیندک منصوبے کے ملازمین کو لے کر دالبندین ایئرپورٹ کی طرف جارہی تھی کہ دالبندین سے 5 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔انہوں نے بتایا کہ دھماکا بس سے کچھ فاصلے پر ہونے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا، تاہم کھڑکیوں کے شیشے لگنے سے ملازمین زخمی ہوئے۔کمشنر کوئٹہ کے مطابق دھماکے کے زخمیوں میں منصوبے کے 3 غیر ملکی ملازمین اور 3 ایف سی اہلکار شامل ہیں،دھماکے کے زخمیوں کو طبی امداد کےلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کردیا گیا، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔دوسری جانب لیویز فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔