14 اگست یوم آزادی پاکستان کے موقع پر میونسپل جناح اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی 

 
0
1036

سکھر،اگست 13 (ٹی این ایس): میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی ہدایت پر 14 اگست یوم آزادی پاکستان کے موقع پر میونسپل جناح اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پارکس جاوید اختر اور اسٹور پرچیز آفیسر عابد علی انصاری کی زیر نگرانی صفائی ستھرائی، تقریب کے شرکاء کے لئے پینے کے صاف پانی، کرسیوں سمیت ٹینٹس وغیرہ کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں جبکہ شہریوں کی سہولت کے لئے گراؤنڈ میں گھاس کی کٹائی جدید انوویٹو مشینری کے ذریعے کی گئی ہے تاکہ تقریب کے شرکاء کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ شایان و شان طریقے سے مناسکیں۔ سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے یوم آزادی کے سلسلے میں شہر کے اہم مقامات کو برقی قمقموں اور سبز ہلالی پرچموں سے سجادیا گیا ہے۔

یوم آزادی کی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے میونسپل کمشنر سکھر میونسپل کارپوریشن محمد فہیم خان نے میونسپل جناح اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور تقریب کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے میونسپل افسران کی کارکردگی کو سراہا۔ جشن آزادی کی تقریب میونسپل جناح اسٹیڈیم میں پروقار طریقے سے منعقد کی جائیگی‘ تقریب کا آغاز صبح 07:45 پر تلاوت قرآن پاک سے کیا جائے گا‘ 07:58 منٹ پر سائرن بجا کر پرچم کشائی کی جائیگی جبکہ مختلف اسکولوں کے بچے ملی نغمے‘ تقاریر‘ ٹیبلوز اور مارچ پاسٹ بھی کریں گے۔ دوسری جانب میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم آزادی بھرپور طریقے سے منائیں گے‘ جشن آزادی کو بھرپور انداز میں منانے کے لئے سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 13 اگست کی شام لبِ مہران پر تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں شہریوں کی تفریح کیلئے مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور رات 12:00 بجے آتش بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جشن آزادی منانے کا آغاز کیا جائے گا۔ میئر سکھر نے کہا ہے کہ ہمارا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے اور ہمیں اپنے وطن کو نئی نسل کے لئے امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے، اہلیان سکھر حسب روایت یوم آزادی پرجوش انداز میں منائیں اور اس موقع پر بانیان پاکستان کی عظیم جدوجہد کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کریں اور یوم آزادی کے پروگراموں میں بڑی تعداد میں شرکت کریں تاکہ وطن سے محبت کے جذبے اور آزادی کی قدر و قیمت کا بھرپور اظہار ہوسکے۔