قومی اسمبلی کا اجلاس شروع، نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے

 
0
330

اسلام آباد اگست 13(ٹی این ایس): 15ویں قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس شروع ہوچکا ہے جس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔قومی اسمبلی کا اجلاس نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کی سفارش پر صدر مملکت نے 13 اگست کو بلانے کی منظوری دی۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں، اسمبلی کے اجلاس کا آغاز قومی ترانے سے ہوا اور تمام اراکین نے بصد احترام کھڑے ہوکر قومی ترانہ سنا جس کے بعد تلاوت کلام پاک کی گئی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شفقت محمود، شہبازشریف، رانا ثناءاللہ، نوید قمر اور دیگر اراکین قومی اسمبلی میں موجود ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پہلی بار قومی اسمبلی میں آئے اور انہوں نے عمران خان کی نشست پر جاکر ان سے ملاقات کی جب کہ دونوں رہنماؤں نے ایک ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلی بار قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیں گے جب کہ سابق صدرآصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم راجہ پرویزاشرف، محمدمیاں سومرو، سابق وزرائے اعلیٰ شہباز شریف، پرویز خٹک اور قومی اسمبلی کے دو سابق اسپیکر فہمیدہ مرزا اور فخرم امام بھی حلف اٹھائیں گے۔قوم پرست رہنما سردار اختر مینگل بھی طویل عرصے بعد قومی اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھائیں گے جب کہ نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے شاہ زین بگٹی بھی آج قومی اسمبلی کا حصہ بنیں گے۔خیبرپختون خوا اسمبلی کے اسپیکر اسدقیصر بھی قومی اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھائیں گے، وہ قومی اسمبلی میں اسپیکر کے امیدوار نامزد ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور نوید قمر مسلسل ساتویں بار قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے جب کہ خواجہ آصف مسلسل چھٹی بار، غوث بخش مہر بھی چھٹی بار اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا پانچویں بار رکن قومی اسمبلی کاحلف اٹھارہی ہیں۔ذرائع کےمطابق اپوزیشن جماعتوں ںے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیاہے جو حلف اٹھانے کے فوری بعد کیا جائے گا جب کہ اپوزیشن اراکین بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھیں گے۔