پاکستان کے یومِ آزادی پر ایران کی سڑکیں مبارک باد کے پوسٹرز سے سج گئیں

 
0
943

تہران اگست14(ٹی این ایس) پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر ایران کی سڑکوں کو خصوصی پوسٹر سے سجا دیا گیا جبکہ تمام الیکٹرانکس اسکرینز پر پاکستانی قوم کے لئے مبارکباد کے پیغامات بھی چلائے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایران نے پاکستان سے دوستی کا ثبوت دے دیا، پاکستان کی یوم آزادی پر ایران کے عوام بھی پاکستانی قوم کی خوشیوں میں رنگ میں رنگ گئے۔

ایران کی تاریخ میں پہلی بار عوامی سطح پر پاکستان کی یوم آزادی پر مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سڑکوں پر یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی پوسٹر آویزاں کر دیئے گئے۔

ایران کے شہر مشہد کی تمام الیکٹرانک اسکرینز پر سپریم لیڈر کی جانب سے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد کے پیغامات چلائے جارہے ہیں، یہ پیغامات مشہد کی میٹرو ٹرین کی اسکرینز پر 10 دن تک 24 گھنٹے ہر تین منٹ بعد چلیں گے۔

خیال رہے میٹرو ٹرین پر روزانہ ڈھائی لاکھ افراد سفر کرتے ہیں۔

دوسری جانب یوم آزادی کے موقع پر مرکزی تقریب تہران میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں ہوئی، اس موقع پر خاتون پاکستانی سفیر محترمہ رفعت مسعودنے پرچم کشائی کی، اس موقع پر کیک بھی کاٹا۔