پی ٹی آئی کے اسد قیصر سپیکر قومی اسمبلی منتخب

 
0
1655

اسلام آباد اگست 15(ٹی این ایس)اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے اسپیکر کا انتخاب ہو گیا، پی ٹی آئی کے نامزد کر دہ اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق اسد قیصر کو قومی اسمبلی کے سپیکر کیلئے 176ووٹ ملے اور کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ۔146ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر حلف اٹھانے کے بعد اسمبلی کی کارروائی کو آگے بڑھائیں گے اور ڈپٹی سپیکر کیلئے انتخاب کروائیں گے۔قومی اسمبلی کیلئے ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوا تو پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے دوبارہ گنتی کی درخواست کی جسے قبول کرتے ہوئے ایک مرتبہ دو بارہ گنتی کی گئی جس کے بعد حتمی نتیجہ تشکیل دیا گیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لئے ووٹنگ تقریباً 3گھنٹے جاری رہی،

۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،اسد قیصر، خورشید شاہ اور موجودہ اسپیکر ایاز صادق سمیت دیگر اراکین اسمبلی نے اسپیکر کے انتخاب میں حصہ لیتے ہوئے ووٹ کاسٹ کیا۔عمران خان اسپیکر کے لیے ووٹ ڈالنے آئے تو ان کےپاس ووٹ ڈالنے کیلئے شناختی کارڈ نہیں تھا، جس پر عمران خان نے اسپیکرایاز صادق سے اجازت طلب کی۔پولنگ ایجنٹس کی رضامندی سے چیئرمین تحریک انصاف کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی گئی، عمران خان نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اسپیکر سے ہاتھ نہیں ملایا، سر کے اشارے سے سلام دعا ہوئی۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے باعث ایوان میں نہیں آئے تھے تاہم وہ تاخیر سے قومی اسمبلی آئے انہوں نے کالی پٹی باندھ کر ایوان میں شرکت کی اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

اجلاس شروع ہوا تو کسی وجہ سے13 اگست کو حلف نہ اٹھا پانے والے 5منتخب اراکین قومی اسمبلی نے آج حلف اٹھایا، اسپیکر ایاز صادق نے ان سے حلف لیا۔اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے ایوان میں ووٹنگ شروع ہوئی تو حروف تہجی کے مطابق باری باری ارکان کے نام سے بلایا گیا، اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کا نام سب سے پہلے لیاگیا تھا تاہم وہ ایوان میں موجود نہیں تھے اس لیے پیپلزپارٹی کے عابد بھیو نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔ووٹنگ سے قبل اسپیکر نے بیلٹ باکس دکھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کہیں اس میں ہاتھ لگاکر دیکھیں، کہیں کچھ پہلے سے تو نہیں۔