ایف آئی اے کا انورمجید اوران کے بیٹے کوکراچی منتقل کرنے کا فیصلہ

 
0
387

اسلام آباد اگست 16(ٹی این ایس)وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے اومنی گروپ انور مجید اور ان کے بیٹے کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ، انہیں گزشتہ روز اسلام آباد سےگرفتار کیا گیا تھا۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں گرفتار انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی کو آج اسلام آباد سے کراچی منتقل کیا جارہا ہے، شام چھ بجے ڈائریکٹر ایف آئی اور ان کی ٹیم دونوں باپ بیٹوں کو اپنی تحویل میں لے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو عام پسنجر فلائٹ کے ذریعے کراچی منتقل کیا جارہا ہے اور ان کے ہمراہ اسلام آباد سے کراچی سفر کے دوران ایف آئی اے کی ٹیم موجود ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے انور مجید فیملی کی جانب سے دائر کردہ حفاظتی ضمانت مسترد کردی۔سپریم کورٹ نے انور مجید فیملی کا نام ایگز ٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم بھی صادر کیا ، سماعت ختم ہونے کے بعد انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی کو کمرہ عدالت کے باہر سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔سماعت میں سپریم کورٹ نے انور مجید کی جانب سے کی جانے والی حفاظتی ضمانت کی استدعا بھی مسترد کردی اور کہا کہ انور مجید فیملی کی ضمانت ذیلی عدالت کا معاملہ ہے۔عدالت کی جانب سے اومنی گروپ کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کی درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے کام میں مداخلت نہیں کرسکتے۔یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس نےانور مجید فیملی کے عدالت میں پیش نہ ہونے سے متعلق درخواست مسترد کردی اور اومنی گروپ کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹ کی قرقی کا حکم دے دیا تھا۔