قائمقام صدر مملکت صادق سنجرانی نے  سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات 

 
0
682

ملک کی موجودہ صورت حال اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا

اسلام آباد،اگست 26 (ٹی این ایس): قائمقام صدر مملکت صادق سنجرانی نے  سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات  کی اور انھیں سپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ملاقات میں ملک کی موجودہ صورت حال اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی   نے کہا کہ پارلیمنٹ کی عزت بڑھانا اور قومی ایشوز کو پارلیمان میں زیر بحث لانا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے،سینٹ اور قومی اسمبلی پاکستان میں قانون سازی کا منبع ہیں،پاکستانی عوام کی پارلیمنٹ پر اُمید یں وابستہ ہیں،اُمید کرتا ہوں کے موجودہ پار لیمنٹ عوامی امنگوں پر پورااترے گی،پارلیمان میں قانون سازی کو جامع اور مفید بنانے کے لیے قائمہ کمیٹیوں کو فعال بنانا ہوگا،ادارے مضبوط ہونگے تو ملک ترقی کرے گااور عوام خوشحال زندگی گزار سکیں گے،

ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے کفایت شعاری اور میانہ روی اختیار کرنا ملک کے بہترین مفاد میں ہے،ملک معاشی، اقتصادی اور پانی کی کمی جیسے مسائل کا شکارہے موجودہ حکومت کو ملکی مفاد میں اقدامات کرنے ہونگے، سی پیک منصوبے میں بلوچستان ، خیبر پختون خواہ سمیت ملک بھر میں ترقی کی نئی راہیں تلاش کرنے کو فوقیت دی جائے گی اس میں کسی صوبے سے غیر امتیازی سلوک نہیں رکھا جائے گا،

،بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ ، دہشتگردی کا خاتمہ ، توانائی کے بحران پر قابو پانا اور آبادی کو کنٹرول کرنا پارلیمنٹ کا اولین ایجنڈہ ہو گا، پارلیمان کے میعار کر بڑھانا اور اس کی قدروں کو منزلت دینا ملکی اور قومی خدمت ہو گی، چھوٹے صوبوں کی احساس محرومی کو ختم کیا جائے گا۔

قائمقام صدر پاکستان   صادق سنجرانی  نے کہا  کہ ملک میں معاشی بحران اور پانی جیسی قیمتی نعمت کی کمی کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدمات اُٹھانے کی ضرورت ہے،پارلیمنٹ ہی ایک مستندادارہ ہے جو قانون سازی کے ذریعے ملک کے فرسودہ نظام میں اصلاحات لا سکتا ہے،قانون سازی کے عمل میں دونوں ایوان نا صرف معاونت کریں گے بلکہ ایک دوسرے سے تعاون بھی کیا جائے گا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے پاک ۔چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو مکمل کرنے کا اعادہ کیا گیا۔ انھوں نے     کہا   کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔