گورنرکا عہدہ قبول کرنے سے معذرت نہیں کی ‘ امیر محمد خان جوگیزئی

 
0
428

کوئٹہ اگست 26(ٹی این ایس) ڈاکٹرامیرمحمد خان جوگیزئی کا کہنا ہے کہ گورنر کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت نہیں کی ہے، میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نامزد گورنربلوچستان امیرمحمد خان جوگیزئی نے گورنر کا عہدہ قبول نہ کرنے سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔ڈاکٹرامیرمحمد خان جوگیزئی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت نہیں کی، میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔نامزد گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے بیان میں نیب کی جانب سے کلیئرنس ملنے تک انتظار کرنے کا کہا تھا۔ڈاکٹرامیرمحمد خان جوگیزئی کا کہنا تھا کہ نیب کی طرف سے وضاحت آنے تک حلف ملتوی کرنے کی بات کی تھی، حلف نیب کی جانب سے وضاحت آنے پراٹھاؤں گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نامزد گورنربلوچستان کا ایک ویڈیو بیان منظرعام پرآیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں ایک بڑا سیاسی پس منظر رکھنے والا شخص ہوں، میرے بھائی، بھتیجے سب گورنر اور وزرا رہ چکے ہیں، لہٰذا میں نہیں چاہتا کہ میری وجہ سے پارٹی یا کسی کے اوپر کوئی حرف آئے ۔انہوں نے ویڈیو پیغام میں مزید کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعتماد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کا احترام میرے لیے ہرچیز سے بالاتر ہے، تاہم میرے لیے اس عہدے کی کوئی اہمیت نہیں۔ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کا کہنا تھا کہ مجھ پرکسی قسم کا کوئی کیس یا کوئی ایف آئی آر نہیں ہے، جس کیس کی بات ہورہی ہے وہ 2005ء کا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گورنربلوچستان کے عہدے کے لیے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو نامزد کیا گیا تھا۔