خواجہ سعد رفیق کاسرداراخترجان مینگل سے ٹیلیفونک رابطہ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک پر تعاون کی درخواست

 
0
373

کوئٹہ جنوری 7(ٹی این ایس)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترجان مینگل سے ٹیلیفونک رابطہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد تحریک کے حوالے تعاون کی درخواست کی ۔دوسری جانب وفاقی وزیر جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ بلوچستان میں نواب ثناء اللہ زہری کی ڈوبتی کشتی بچانے کیلئے ہنگامی طورپر کوئٹہ پہنچ گئے وفاقی وزیرمختلف سیاسی جماعتوںکے قائدین سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزیر خواجہ سعدرفیق نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترجان مینگل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد تحریک سے متعلق تعاون کی درخواست کی ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سرداریعقوب ناصر سے ان کی رہائش گاہ پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان وبلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترجان مینگل کی ملاقات کا بھی خاطرخواہ نتائج نہ مل سکے ،

دوسری جانب وفاقی وزیر جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ بھی ہنگامی طورپر کوئٹہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنی اور وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ موجودہحکومت جمہوری اداروں کو جمہوری انداز میںچلانے کی خواہاںہے جمہوریت کی بقاء اور ملک کی موجودہ صورتحال کے مطابق ہمیں آپس کے اتحاد و اتفاق کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور کسی بھی ایسے غیر جمہوریاا قدام سے گریز کیا جائے۔ذرائع کے مطابق جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ آج جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنمائوں اور ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کرینگے ملاقات میں وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد تحریک پر تبادلہ خیال کیاجائیگا۔