وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے

 
0
702

کوئٹہ اپریل 09 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان کو دورہ کوئٹہ کے دوران کورونا وائرس کی صورتحال، اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیر اعظم سے گورنر بلوچستان، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور صوبائی کابینہ کے اراکین ملاقات کریں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ میں میڈیا نمائندگان سے بھی بات چیت کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نے گزشتہ ہفتہ 4 اپریل کو لاہور کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہیں کورونا پر کیے گئیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے اثرات تیزی سے پھیل رہے ہیں ملک بھر میں کورونا وائرس کے سبب 63 افراد ہلاک اور 4322 متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 31 کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم رکھنے کیلئے جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ ملک میں عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہے۔

کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیاں قبل از وقت کر دی گئیں۔

وزیراعظم نے کورونا کے خلاف ریلیف ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کیا ہے جس کی مدد سے بے روزگار ہونے والے افراد کو گھروں میں راشن پہنچایا جائے گا۔