اسلام آباد اگست 28(ٹی این ایس):سپریم کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جب کوئی بڑا آدمی بیمارہو تو پورے ملک کومصیبت پڑجاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔ایف آئی اے نے کیس سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ انور مجید سمیت 2 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فریال تالپورکوٹرائل کورٹ سے جبکہ آصف زرداری کواسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت مل چکی ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 29 مشتبہ اکاؤنٹس سے 35 ارب کی منتقلی کی تحقیقات کررہے ہیں۔چیف جسٹس آف پاکستان نے وکلا کی عبدالغنی مجید سے ملنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وکیل سے ملنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ جب کوئی بڑا آدمی بیمارہو تو پورے ملک کومصیبت پڑجاتی ہے۔بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت 5 ستمبرتک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرایا تھا۔













