رحیم یار خان میں ہر صورت غیر قانونی میڈیکل پریکٹس روکیں گے،ڈپٹی کمشنر جمیل احمد

 
0
678

رحیم یار خان اگست 29(ٹی این ایس)ڈپٹی کمشنر جمیل احمد نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں ہر صورت غیر قانونی میڈیکل پریکٹس روکیں گے،اسسٹنٹ کمشنرزاپنی تحصیلوں میں ڈی ڈی او ہیلتھ، ڈرگ انسپکٹرز اور سینئر میڈیکل آفیسر کے ہمراہ غیر قانونی ادویات کی خرید و فروخت اور میڈیکل پریکٹس کرنے والوں کا محاسبہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عطائیت کے خاتمہ کے لئے ڈسٹرکٹ سطح پر تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔


اجلاس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی، اسسٹنٹ کمشنرز حرا رضوان، سیف الرحمن، جام آفتاب حسین، ڈی ایس پی سٹی سید جمشید علی شاہ، ڈی ایس پی سپیشل برانچ شفقت عطاء،سیکرٹری کمیٹی اسد اللہ فیض، ڈی ایچ او ڈاکٹر حسن خان، ڈاکٹر غضنفر شفیق، ڈاکٹر خان وزیر سمیت ڈرگ انسپکٹرز اور دیگر ممبران شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کی کہ کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر ز اپنی نگرانی میں عطائیوں کے خلاف جار ی مہم کی سربراہی کریں اور سپیشل برانچ سمیت مقامی پولیس عطائیوں کے خلاف کاروائی میں اسسٹنٹ کمشنرز اور ہیلتھ افسران کے ساتھ تعاون کرے۔
انہوں نے ضلع بھر میں غیر قانونی میڈیکل پریکٹس کرنے والوں کا ڈیٹا اکھٹاکرنے اور ان کی درجہ بندی کرتے ہوئے پہلے مرحلہ میں بڑے کلینک پر کاروائی کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ڈی ایچ اوز، ڈرگ انسپکٹرز اوردیگر ممبران کی انفرادی طور پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔اس موق پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے تحصیل سطح پر ہونے والی کاروائیوں بارے بریفنگ دی گئی جبکہ ڈپٹی کمشنر نے تبادلہ ہونے والے افسران کے متبادل نئے ڈاکٹرز پر مشتمل کمیٹی دوبارہ تشکیل دینے کی ہدایت کی۔