تھائی لینڈ کی تین روزہ نمائش ہفتے سے شروع ہو گی، دونوں ممالک میں تجارت کا موجودہ حجم ایک بلین امریکی ڈالرز ہے

 
0
455

10مختلف شعبوں میں 50 کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی، اعزازی ٹریڈایڈوائزرتھائی لینڈعارف سلیمان

کراچی، اگست 30 (ٹی این ایس): تھائی لینڈ کی تین روزہ نمائش ہفتے (یکم ستمبر) سے کراچی کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں شروع ہو گی جس میں تھائی لینڈ کے مختلف کاروباری شعبوں کی مصنوعات اور ٹیکنالوجی نمائش کے لیے موجود ہو گی۔نمائش کا افتتاح مہمان خصوصی صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) مفسر عطاملک، تھائی لینڈ کے قونصل جنرل کراچی سووت کائی سوک Suwat Kaewsook اور ڈائریکٹر تھائی ٹریڈ سینٹر، ڈھاکہ، ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن، تھائی لینڈ سوئبسک ڈینگ بون رینگ Suebsak Dangboonrueng کریں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان اس وقت تجارتی حجم ایک بلین امریکی ڈالرز ہے۔ اس تین روزہ ایونٹ میں 50 ہزار لوگوں کی آمد متوقع ہے۔ یہ نمائش تھائی لینڈ کی وزارت تجارت کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن کی جانب سے رائل تھائی قونصلیٹ جنرل کراچی کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔ نمائش کا انتظام ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کی جانب سے کیا گیا ہے۔ تھائی لینڈ کے اعزازی ٹریڈ ایڈوائزر عارف سلیمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ 50 تھائی کمپنیاں 10 سے زائد شعبوں میں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ ان مصنوعات میں فوڈز اینڈ بیوریجز، ہوم ٹیکسٹائلز، ہیلتھ اینڈ بیوٹی، ادویات و ہربل، ہارڈوئیر، مشینری، ہاؤس ہولڈ آئٹمز، فٹ وئیر، پارٹی ایکسیسریز، جیولری کلینر،کارپینٹ،موٹربائیک پارٹس،مشینری، رائس ملز،واٹر پیوریفیکیشن، الیکٹریکل اپلائنسز و دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کاانعقاد تھائی لینڈ کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن کی بہترین کوششوں کا نتیجہ ہے جس کا مقصد دونوں دوست ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تجارت و تعاون بڑھانا ہے۔عارف سلیمان نے بتایا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان باہمی تجارت کا موجودہ حجم ایک بلین امریکی ڈالرز ہے جس میں گزشتہ چند سالوں کے دوران بہتری آئی ہے۔ پاکستان سے تھائی لینڈ کو یارن اینڈ فائبرز، کیمیکلز، فنشڈ آئلز، گوشت وغیرہ برآمد ہوتے ہیں جبکہ تھائی لینڈ سے ہم ہاؤس ہولڈ پروڈکٹس، فوڈ آئٹمز، بیوریجز، ادویات، کاسمیٹکس، ہربل پروڈکٹس، موٹرسائیکلز اینڈ آٹو پارٹس، ربر پروڈکٹس وغیرہ منگواتے ہیں۔ یہ نمائش دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے لیے نئے کاروباری مواقع اور مارکیٹس کی تلاش میں مددگار ہو گی۔