ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کےمقابلےکی منسوخی بڑی کامیابی ہے،فواد چوہدری

 
0
398

اسلام آباد اگست 31(ٹی این ایس) وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی بڑی کامیابی ہے،عشق رسول سلامت رہے پاکستان زندہ باد۔تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی بڑی کامیابی ہے، وزیراعظم کا پیغام اوروزارت خارجہ کےروابط کامیابی کا باعث بنے، عشق رسول سلامت رہے پاکستان زندہ باد۔ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی پاکستان کی حکومت اور عوام کی بڑی کامیابی ہے ، آج وزیر اعظم کا پیغام اور ان کی ہدائیت پر وزارت خارجہ کے روابط اس کامیابی کا باعث بنے، عشق رسول سلامت رہے پاکستان زندہ باد۔
یاد رہے گذشتہ روز ڈچ حکومت نے گستاخانہ خاکوں کے متنازع مقابلے کے خلاف مسلم دنیا کے ردعمل بالخصوص پاکستانی حکومت کی کوششوں کے بعد اسے منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس ضمن میں تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا۔
خیال رہے حکومت پاکستان کی جانب سے اس معاملے پر سخت مؤقف اختیار کیا گیا تھا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا اعلان بھی کیا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا تھا نیدرلینڈزمیں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکے ایک سنگین مسئلہ ہے، حضرت محمدﷺ ہمارے دل میں رہتے ہیں، ان کی شان میں گستاخی سے ہم سب کوتکلیف ہوتی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان ممالک مل کرہی مغرب کو سمجھا سکتے ہیں، مسلمان ممالک اوآئی سی کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر یواین کو اپنے تحفظات سے آگاہ کریں۔