عالمی برادری بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اُٹھائے ٗ شیریں مزاری 

 
0
422

کشمیر کا مسئلہ حق خود ارادیت کا سوال ہے ٗ بین الاقوامی برادری کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کا حق دلانے کی ضامن ہے ٗ آسٹریلوی سینیٹر سے گفتگو 
اسلام آباد،یکم ستمبر(ٹی این ایس):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں ایم مزاری نے بین الاقوامی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اُٹھائے جبکہ کشمیری عوام اس استصواب رائے کے حصول کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں جوکہ انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور یو این سی آئی پی کی قراردادوں کے تحت دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ حق خود ارادیت رائٹس کے بین الاقوامی بل کا مرکزی حصہ ہے۔ وہ انسانی حقوق کی سرگرم رہنما اور سابق آسٹریلوی سینیٹر مس لی رہیانونن سے بات چیت کررہی تھیں۔جنہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران یہاں اسلام آباد میں وفاقی وزیر شیریں مزاری سے جمعہ کو ملاقات کی۔

اس موقع پر وزارت کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔انہوں نے انسانی حقوق خصوصاً انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور وادی کشمیر کے معصوم لوگوں کے حقوق کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیر نے سابق آسٹریلوی سینیٹرپاکستان میں شہریوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔شیریں مزاری نے لی رہینا نونن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حق خود ارادیت کا سوال ہے جبکہ بین الاقوامی برادری بھی کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کا حق دلانے کی ضامن ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم قراردیا اور کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال خراب ہورہی ہے اور مجھے مہذب دُنیا اور اقوام متحدہ کے ضمیر پر حیرانگی ہے۔آسٹریلوی سابق سینیٹر سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیر کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے تجویز تیار کررہی ہے جوکہ تنازعات کے حل کے لیے نمونہ ہوگی اور یہ تجویز تمام شراکت داروں میں تقسیم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک کی حمایت کرتا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل35اے کی منسوخی کشمیر کی ڈیموگرافی بدلنے کی بھارتی مذموم کوششوں کے خلاف جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کا حامی ہے اور کشمیر کی ڈیمو گرافی بدلنے کی کسی بھی کوششوں کے خلاف ہے۔ شیریں مزاری نے کہا کہ پاکستان آزادی کی جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ لی رہیانونن نے پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کی حکومتی کوششوں کو سراہا۔