چینی وزیرخارجہ تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

 
0
495

اسلام آباد ستمبر 7(ٹی این ایس): چینی وزیرخارجہ وانگ ژی آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ پاکستانی حکام سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے، ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے امید ہے روایتی دوستی کی تجدید اور باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں ،جہاں وہ پاکستانی حکام سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے ،ان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، علاقائی اور عالمی مسائل پربات ہوگی۔ذرائع کے مطابق چینی وزیرخارجہ کی وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں جبکہ پاک چین وزرائے خارجہ وفودکی سطح پرمذاکرات بھی کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر چینی وزارت خارجہ کا ٹوئٹ شیئر کیا، جس میں ترجمان کا کہنا کہ چینی وزیرخارجہ7تا9ستمبرپاکستان کاسرکاری دورہ کریں گے، دورے میں چینی اسٹیٹ کونسلربھی ہمراہ ہوں گے، امید ہے روایتی دوستی کی تجدید اور باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی وزیرخارجہ وانگ ژی پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر پاکستان آرہے ہیں۔
یاد رہے دو روز قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ایک روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے ، جہاں انھوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کی تھی۔امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے رشتوں کو مزید استحکام دینے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر ِ خارجہ کے مطابق پاکستان نے امریکی وفد پر واضح کیا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ایک بار پھر بھروسے اور احترام کی بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے دورہ پاکستان سے قبل واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امید ہے پاک امریکا تعلقات میں نئی پیشرفت کا آغاز کریں گے۔امریکی وزیر خارجہ نے میڈیا نمائندگان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھاکہ پاکستان افغانستان میں ثالثی کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون کرے۔