مودی حکومت اقتصادی ، زرعی اور ہمسایوں کیساتھ تعلقات سمیت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے : من موہن سنگھ

 
0
349

نئی دہلی،ستمبر 10(ٹی این ایس ):بھارت کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ مودی حکومت اقتصادی ، زرعی اور ہمسایوں کیساتھ تعلقات سمیت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے،عوام ترقی کے جھوٹے سرکاری دعوں سے متاثر نہیں ہو گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ مودی حکومت اقتصادی ، زرعی اور ہمسایوں کیساتھ تعلقات سمیت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے۔ عوام ترقی کے سرکاری دعوں سے متاثر نہیں ہے۔ کانگریس کے رہنما کپل سبل کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو آج جس زرعی بحران کا سامنا ہے اس سے حکومت اچھی طرح نہیں نمٹ سکی۔ کسانوں کو اب تک اس بات کا یقین نہیں ہوتا کہ انہوں نے جو پیداوار دی ہے اسکا انہیں مناسب معاوضہ ملے گا۔ سنگھ نے کہا کہ سبل نے جو کتاب تحریر کی ہے اس میں مودی حکومت کے4سالہ دور کا بھرپور اور جامع تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔ حکومت نے عوام سے 2014کے لوک سبھا انتخابات میں جو وعدے کئے تھے وہ اسے پورا کرنے میں ناکام رہی اور اس کتاب میں اس کی بھرپور تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے وعدہ کیاتھا کہ وہ ہر سال 2کروڑ افراد کو ملازمتیں فراہم کریں گے۔ صورتحال یہ ہے کہ گزشتہ4برسوں میں اس سمت کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔