پشاور ستمبر 12 (ٹی این ایس): گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے کہاہے کہ عوام کوبنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس ضمن میں موجودہ حکومت موثر اقدامات اٹھارہی ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں پی کے 71پشاور سے اضاخیل یونین کونسل اور ادیزئی یونین کونسل کے الگ الگ وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔رکن قومی اسمبلی ناصر خان موسی زئی بھی اس موقع پرموجودتھے۔
وفود کے اراکین نے اس موقع پرشاہ فرمان کوگورنرکامنصب سنبھالنے پرمبارکباد د ی اور متعلقہ علاقوں کے عوام کودرپیش مسائل سے گورنر کوآگاہ کیااور درپیش مسائل کے حل کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ وفودسے گفتگوکرتے ہوئے گورنرشاہ فرمان نے علاقے کے عوام کودرپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے بھرپورتعاون کایقین دلایا اورکہاکہ موجودہ حکومت عوام کو مایوس نہیں کرے گی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے موثراقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اوران علاقوں کے عوام کو ضروریات زندگی کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں بے پناہ وسائل موجودہیں اورانہی وسائل کوصحیح طریقے سے بروئے کار لاکر صوبے کی ترقی وخوشحالی کیلئے استعمال کیاجائیگا۔