سابق وزیر اعلٰی شہباز شریف کے گھر کے باہر موجود رکاوٹوں کو ہٹانے کا حکم

 
0
464

لاہورستمبر 18 (ٹی این ایس): لاہور ہائیکورٹ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے گھر کے باہر سے سیکیورٹی رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق ہر سیاستدان جب اقتدار میں آنا چاہ رہا ہوتا ہے تو وہ عوام کے دل موہنے کے لیے پروٹوکو ل نہ لینے کے ہرے باغ عوام کو دکھاتا ہے مگر جیسے ہی اقتدار کی مسند قدموں تلے آ جاتی ہے تو وہی پروٹوکول کی نفی کرنے والا سیاستدان بادشاہ سلامت کی طرح 30یا 40گاڑیوں کے ہجوم میں عوام کے سامنے دندناتا پھرتا ہے۔

پروٹوکول ہمارے ہاں ایک ایسا مسئلہ بن چکا ہے جس کے بہت سے نقصانات عام شہریوں کو اٹھانے پڑتے ہیں ۔کچھ عرصہ قبل پروٹوکول کی ایک اور شکل سامنے آئی ہے۔جس میں اشرافیہ اپنے گھروں کے سامنے سیکیورٹی کے نام پر رکاوٹیں کھڑی کر دیتی ہے۔جس کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ایسی ہی رکاوٹیں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر موجود تھیں جن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ حمزہ شہباز شریف نے سکیورٹی کے نام پر اپنے گھر کے ارد گرد رکاوٹیں کھڑی کررکھی ہیں جس سے علاقے کے مکینوں کو پریشانی ہے، سکیورٹی کے نام پر سڑک کو بلاک نہیں کیا جاسکتا، عدالت ان رکاوٹوں کو ہٹانے کا حکم دے۔ درخواست گزار نے عدالت میں رکاوٹوں کی تصاویر بھی پیش کیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس علی اکبر قریشی نے حمزہ شہباز شریف کے گھر کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی۔عدالت نے حمزہ شہباز کی جوہر ٹاؤن سے ملحقہ رہائشگاہ کے باہر سے سکیورٹی کے نام پر لگائی گئیں رکاوٹیں ہٹانے کا حکم جاری کرتے ہوئے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او سے 25 ستمبر کو عمل درآمد رپورٹ بھی طلب کرلی۔