اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے تحریری حکم جاری کیا ہے کہ اگر نیب پراسیکیوٹر کے شریف فیملی کی سزا معطلی پر دلائل مکمل نہ بھی ہوئے تو کل فیصلہ سنا دیا جائے گا

 
0
441

اسلام آباد ستمبر 18 (ٹی این ایس): اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے تحریری حکم جاری کیا ہے کہ اگر نیب پراسیکیوٹر کے شریف فیملی کی سزا معطلی پر دلائل مکمل نہ بھی ہوئے تو کل فیصلہ سنا دیا جائے گا۔عدالت نے سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ مفروضہ کہ جائیداد بچوں کے قبضے میں ہے لیکن ملکیت نواز شریف کی ہے، بظاہر احتساب عدالت کا فیصلہ مفروضے کی بنیاد پر ہے۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ جب پانامہ 2 فیصلہ آیا تو وہ تمام ججز پر بائینڈنگ تھا اور پہلا فیصلہ بائنڈنگ نہیں قرار دیا جس پر نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا پانامہ پر دوسرا فیصلہ تسلسل ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا پانامہ 2 کو تمام ججز نے دستخط کیے، جسٹس میاں گل حسن نے کہا پہلے فیصلے میں نااہلی نہیں ہوئی اور وہ فیصلہ منارٹی ججز کا ہے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا یہ معمولی کیس نہیں، پیسے لیے اور جیب میں ڈالنے سے متعلق کیس نہیں بلکہ لاتعداد کمپنیوں کا جال بچھا ہوا ہے۔اکرم قریشی نے کہا کہ اس کیس کو اتنے مختصر وقت میں تفتیش کرنا ممکن ہی نہیں تھا، اس مرحلے پر عدالت کا کوئی بھی تبصرہ مناسب نہیں ہوگا جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ بہت اچھی بات کہی آپ نے۔
نیب پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ بچے والدین کے ہی زیر کفالت ہوتے ہیں، لندن اپارٹمنٹس کا قبضہ بچوں کے پاس تھا، باپ بچوں کا نیچرل سرپرست ہے جس کے قبضے میں جائیداد ہے ملکیت کا بار ثبوت اس پر ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا والد اور سرپرست ہونے کی وجہ سے بار ثبوت ان پر ہے اور یہ کہتے ہیں حسن اور حسین ہی بتا سکتے ہیں، اخراجات ریکارڈر پر نہیں ہیں جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ یہ کہتے ہیں کہ آمدن سے متعلق چارٹ واجد ضیاءنے پیش نہیں کیا، تفتیشی افسر نے بھی کہا تھا معلوم نہیں یہ چارٹ کس نے تیار کیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہابوگس ٹرسٹ ڈیڈز بنائی گئیں جس پر فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا یہ ٹرسٹ ڈیڈز وہاں پر رجسٹرڈ ہوئیں؟ اکرم قریشی نے جواب دیا یہ ٹرسٹ ڈیڈز صرف بھائیوں کو بتانے کی حد تک تھیں۔
جسٹس میں گل حسن نے کہا بھائی بھی تو نواز شریف کے بیٹے ہیں جب کہ جسٹس اطہر من اللہ نے نیب پراسیکیوٹر کو کہاآپ نے فرد جرم یہ عائد کی کہ یہ جائیداد نواز شریف کی ہے، آپ کی فرد جرم یہ نہیں ہے کہ مریم نواز مالک ہے۔جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیاکہ کیا اب مفروضے پر فوجداری قانون میں سزا سنا دیں، یہ مفروضہ کہ جائیداد بچوں کے قبضے میں ہے لیکن ملکیت نواز شریف کی ہے، بظاہر احتساب عدالت کا فیصلہ مفروضے کی بنیاد پر ہے۔
جسٹس میاں گل حسن نے استفسار کیا ‘دو طرح کی ملکیت ایک ہی وقت میں کیسے ہوسکتی ہے، یا وہ ظاہری مالک ہیں یا حقیقی مالک ہیں’ جس پر پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ مریم نواز نے معاونت کی ہے جس پر جسٹس میاں گل حسن نے کہا ‘ اگر یہ جائیداد نواز شریف کی ہے تو مریم نواز کو 9 اے 5 میں سزا کیسے ہوگئی، یہ فرد جرم کہ اثاثے ذرائع آمدن سے زیادہ ہیں دو بندوں پر تو نہیں لگ سکتی، معاونت کی سزا تو ہوئی لیکن ذرائع آمدن پر کیسے ہوگئی، کیا مریم کے اثاثے ان کے معلوم ذرائع آمدن سے زیادہ ہیں۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ جسٹس میاں گل حسن کا سوال یہ ہے کہ دونوں کو ایک ہی فرد جرم میں تو سزا نہیں ہوسکتی تو نواز شریف اور مریم نواز کو ایک ہی فرد جرم میں سزا کیسے سنا دی گئی۔جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ بیٹی کو سیکشن 5 کے تحت سزا نہیں دی جانی چاہیے تھی جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا ‘جی ہاں’۔
جسٹس گل حسن اورنگزیب نے نیب پراسیکیوٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب ہر چیز کی حد ہوتی ہے، آپ نے تحریری دلائل دے دیے ہیں، کل اگر آپ نہ بھی آئے تو ہم ان دلائل کی بنیاد پر فیصلہ سنادیں گے۔جسٹس اطہر من اللہ نے نیب پراسیکیوٹر کو کہاآپ نے بہت اچھے دلائل دے دیے ہیں، اگر آپ نہ بھی ہوئے تو جہانزیب بھروانہ دلائل دیں گے اور کل دلائل مکمل نہ ہوئے تو پھر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔ عدالت نے سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔