نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن(ر) کی سزا معطلی کے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل آگیا

 
0
541

مسلم لیگ (ن) کا جشن 20 اپریل جیسا ہے کیونکہ یہ لوگ بری نہیں ہوئے، ان کی اصل منزل اڈیالہ جیل ہے، انہیں واپس وہیں جانا پڑے گا جہاں سے باہر آرہے ہیں،سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد ستمبر 19 (ٹی این ایس):اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل آگیا۔پاکستان تحریک انصاف لے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا جشن 20 اپریل جیسا ہے کیونکہ یہ لوگ بری نہیں ہوئے۔ ان کی اصل منزل اڈیالہ جیل ہے۔ انہیں واپس وہیں جانا پڑے گا جہاں سے باہر آرہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شریف فیملی نے نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا کی معطلی کے لیے اسلام آباد ہائیکوٹ سے رجوع کیا اور فیصلے میں موجود قانونی گنجائشوں پر مبنی درخواست دائر کی۔

اس کیس کی سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔اسلام آبا دہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔نیب پراسیکیوٹر اکرم قریشی نے سزا معطلی کی مخالفت میں دلائل دئیے۔دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو اب سنایا جا چکا ہے۔نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا معطل کردی گئی ہے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے بینچ نے رہائی کا حکم دے دیا۔ملزمان کو 5,5 لاکھ روپے کے مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی فیصلے کے خلاف اپیل کی درخواستیں بھی منظور ہو چکی ہیں اور انکے فیصلے تک تینوں ملزمان ضمانت پر رہا رہیں گے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکنان اور مرکزی رہنماوں کی بڑی تعداد کمرہ عدالت میں موجود تھی۔صدر مسلم لیگ ن میاں شہاز شریف بھی کمرہ عدالت میں ہی موجود تھے۔

اس موقع پر فیصلہ سنتے ہی کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے نعرے بازی شروع کر دی ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنماوں کی جانب سے بھی اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔دوسری جانب عدالتی فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر رد عمل میں کہا کہ نوازشریف، مریم اور صفدر کی سزائیں معطل ہوئی ہیں، ابھی دیگر ریفرنسز میں بھی فیصلے آنا باقی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مجرم ہیں اور ان کا جرم موجود ہے، منی لانڈرنگ، کرپشن اور منی ٹریل سمیت جو چیزیں یہ لوگ نہیں بتاسکے وہ اپنی جگہ موجود ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ (ن) کا جشن 20 اپریل جیسا ہے کیونکہ یہ لوگ بری نہیں ہوئے، ان کی اصل منزل اڈیالہ جیل ہے، انہیں واپس وہیں جانا پڑے گا جہاں سے باہر آرہے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ اور ہر عدالتی فیصلے کی طرح یہ فیصلہ بھی ہمارے لیے محترم ہے۔