جیل سے باہر آنے کے بعد اب میاں نواز شریف کیا کرنے والے ہیں؟

 
0
429

کیا نواز شریف کوئی تحریک چلائیں گے ؟ اینکر پرسن نے بڑی خبر دے دی

اسلام آباد ستمبر 22 (ٹی این ایس): نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف اینکر پرسن منیب فاروق نے کہا کہ میرے خیال میں میاں صاحب فی الوقت کوئی تحریک نہیں چلائیں گے۔ میاں صاحب کے لیے یہ عبوری ریلیف ہیں لہٰذا وہ اس بات کا انتظار کریں گے ہائیکورٹ کے اندر ان کی اپیل کی مکمل سماعت ہو جائے۔ اگر اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر ان کی اپیل کا فیصلہ ان کے حق میں آجائے تو ہو سکتا ہے کہ اس وقت میاں صاحب کھُل کر باتیں کرنا شروع کر دیں۔

الیکشن سے قبل انہوں نے خلائی مخلوق کا تذکرہ اس لیے کیا کیونکہ الیکشن آنے والا تھا اور وہ اپنے بیانیے کو مضبوط بنانا چاہتے تھے، الیکشن بھی گزر گیا اور جیل کا منہ بھی دیکھ لیا۔ جیل سے باہر بھی آگئے۔ منیب فاروق نے کہا کہ اب کچھ بھی کر لیں حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہےاور اگلے پانچ سال میں سمجھتا ہوں کہ اسی حکومت نے کام کرنا ہے اور اسی حکومت کو کام کرنا چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ اب مجھے میاں صاحب فی الحال کوئی بڑی تحریک چلاتے ہوئے نظر نہیں آتے۔ لیکن یہ میں آپ کو بتا دوں کہ اب میاں نواز شریف کے خلاف باقی دو ریفرنسز کا فیصلہ ہو گا ، دوبارہ جیل جائیں گے اور باہر نکل آئیں گے ، اس کے بعد بالآخر یہ تمام کیسز ہائیکورٹ کے لیول پر ہی ہوں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جو بنیادی کیس تھا وہ ایون فیلڈ تھا، باقی دو کیسز اس سے جُڑے ہوئے ہیں۔

باقی دونوں کیسز بعد میں سامنے آئے ہیں۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ پراسیکیوشن ٹھیک نہیں ہوئی، ایسا بالکل نہیں ہے کیونکہ احتساب عدالت میں بھی یہی پراسیکیوشن تھی اور عدالت تبدیل ہونے سے کیس کا میرٹ تبدیل نہیں ہو سکتا۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کرکے لاہور لایا گیا۔