تعلیم اور صحت کی سہولیات مفت مہیا کرنے کی کوشش کریں گے،

 
0
1348

اسلام آباد ستمبر 27 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے کہ حکومت پانچ سالوں میں بہترین اقتصادی اصلاحات لائیں گے‘ جن لوگوں نے قومی خزانے کو لوٹا تھا وہی ہمارے بجٹ پر سوالات اٹھا رہے ہیں‘ پورے ملک میں صحت کارڈ کا آغاز کرنے جارہے ہیں‘ تعلیم اور صحت کی سہولیات مفت مہیا کرنے کی کوشش کریں گے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ بجٹ پر بحث ہو رہی ہے‘ حکومت کو آئے ایک ماہ ہوا ہے۔
سابق حکومت نے شاہانہ ٹھاٹھ باٹھ سے خزانہ لوٹا۔ ہم ان محدود اقتصادی وسائل میں کام نمٹا رہے ہیں۔ نعیم الحق نے کہا کہ ہم پانچ سالوں میں بہترین اقتصادی اصلاحات لائیں گے۔ اداروں میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں‘ نواز حکومت نے روزانہ سات ارب خرچ کئے اور قرضہ لیا ‘ ملک قرضوں میں پھنس چکا ہے۔ بیروزگاری سے روزانہ 15 کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ جن لوگوں نے اس خزانے کو لوٹا تھا وہی ہمارے بجٹ پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔
اس معیشت میں روزانہ چھ سے سات ارب کے نوٹ چھاپ کر بوجھ ڈالتے رہے۔ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک کے تمام وسائل کو بروئے کار لاکر ملک کو اس دلدل سے نکالیں گے۔ نعیم الحق نے کہا کہ حکومت پورے ملک میں صحت کارڈ کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ تعلیم اور صحت کی سہولیات مفت مہیا کرنے کی کوشش کریں گے۔ وزیراعظم ایک نئی ہائوسنگ پالیسی کا آغاز کرنے لگے ہیں۔
غریب لوگوں کو گھر آسان اقساط پر دیئے جائیں گے اور بیروزگار نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں بھی دیں گے۔ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کر رہے ہیں لاکھوں افراد کو فنی تربیت بھی دیں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت کے لئے پہلا سال مشکل ہے لیکن ہمارے اقدامات سے بہتر اقدامات آئیں گے۔ نعیم الحق نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لئے مختلف آپشن موجود ہیں۔ آئی ایم ایف والے بھی ہمارے پاس آئے ہیں آئی ایم ایف نے ہمیشہ پاکستان کو سپورٹ کیا۔ نعیم الحق نے کہا کہ گلگت بلتستان سے لے کر ملک کے دیگر صوبوں تک روزگار اور ترقیاتی منصوبے لے کر آئیں گے۔